علی امین گنڈاپور کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش
سابق وفاقی وزیر کے خلاف مجموعی طور پر 18 مقدمات درج، ایک کیس سی ٹی ڈی اور 17 دیگر تھانوں میں ہیں، رپورٹ
سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں کیسز کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور کے خلاف 18 مقدمات درج ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف ایک کیس سی ٹی ڈی اور 17 دیگر تھانوں میں درج ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈاپور کی جانب سے راجا ظہور الحسن کی وساطت سے دائر درخواست مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع ہونے پر نمٹادی۔