آئندہ برس پاکستان بھارت کے خلاف سیریز کی میزبانی کرے گا چیئرمین پی سی بی کا دعویٰ

بھارت کو رواں برس 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کا کہا ہے اور اس سلسلے میں بی سی سی آئی کے جواب کا انتظار ہے، نجم سیٹھی

پاک بھارت کرکٹ کی بحالی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر حالات بہتر رہے اور سب کچھ طے شدہ حکمت عملی کے تحت ہوا تو آئندہ برس پاکستان بھارت سے سیریز کی میزبانی کرے گا۔

بھارتی اخبار کو اپنے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت سمیت آئی سی سی کے تمام مستقل رکن ممالک پاکستان سے باہمی سیریز کھیلنے پر رضا مند ہیں، چند قانونی نکات طے ہوجانے کے بعد متعلقہ کرکٹ بورڈز کی جانب سے جلد ہی تحریری یقین دہانیاں بھی حاصل کرلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 8 برسوں کے دوران پی سی بی کو ان مقابلوں سے 30 ارب روپے کی آمدنی ہوگی، اس حوالے سے آئندہ ماہ تک پاکستان کے کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کی فروخت کا معاہدہ بھی طے پاجائے گا۔


نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کو رواں برس دونوں ممالک کے درمیان کم از کم 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کا کہا ہے اس سلسلے میں پی سی بی کو بی سی سی آئی کی جانب سے باضابطہ جواب کا انتظار ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان آئندہ برس مکمل سیریز ہوگی جس کی میزبانی پاکستان کرے گا اور یہ سیریز متحدہ عرب امارات سمیت کہیں بھی ہوسکتی ہے تاہم بی سی سی آئی نے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر تاحال کسی بھی قسم کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ کی بحالی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے اس لئے انہیں امید ہے کہ بھارت میں بر سر اقتدار آنے والی آئندہ حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں لیکن مقامی ڈھانچے میں خامیوں کی وجہ سے یہ نکھر کر سامنے نہیں آرہے، اس سلسلے میں ہم اصلاحات لارہے ہیں جو جلد ہی نافذ ہوجائیں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی لائی جارہی ہے اس سلسلے میں ابھی چند ناموں پر غور کیا جارہا ہے جس کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔
Load Next Story