صدر ممنون حسین نے چیرمین پیمرا چوہدری رشید کو پھر برطرف کردیا

چوہدری رشید نے خود ہی کہا کہ انہیں چیئرمین پیمرا لگایا جائے جبکہ گریڈ 22 میں ترقی کیلئےجعلی سرٹیفکیٹ پیش کئے، چارج شیٹ

اس سے قبل بھی صدر ممنون حسین نے چوہدری رشید کو عہدے سے برطرف کردیا تھا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں دوبارہ بحال کردیا تھا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

صدر ممنون حسین نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر ایک بار پھر چیرمین پیمرا چوہدری رشید کو برطرف کردیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت اطلاعات کی جانب سے وزیراعظم کے ذریعے صدر مملکت کو ایڈوائس کی گئی تھی جس میں رشید چودھری کے گریڈ 22 کو خلاف رولز قرار دیا گیا تھا۔ وزارت اطلاعات کی چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ چوہدری رشید نے خود ہی کہا کہ انہیں چیئرمین پیمرا لگایا جائے جب کہ انہوں نے گریڈ 21 سے 22 میں ترقی کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ پیش کئے تھے جس کے خلاف ان کے خلاف نیب اور ایف اٴئی اے میں انکوائریاں بھی جاری تھیں جس کو انہوں نے ظاہر نہیں کیا تھا جس کے بعد سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی گئی تاہم کمیٹی کی جانب سے طلب کرنے کے باوجود چوہدری رشید پیش نہیں ہوئے جس کے بعد انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ممنون حسین نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر چیرمین پیمرا کی تقرری کو خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے انہیں ان کے عہدے سے ہٹا کر راؤ تحسین کو قائم مقام چیئرمین مقرر کردیا تھا تاہم گزشتہ سال دسمبر میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کی جانب سے برطرف کئے گئے چیرمین پیمرا چوہدری رشید کو ان کے عہدے پر دوبارہ بحال کردیا تھا۔
Load Next Story