فلسطین فُٹبال فائنل میچ کے دوران اسرائیلی فورسز کی آنسو گیس شیلنگ
متاثرین کا میدان میں ہی علاج کیا گیا جبکہ تین افراد کو نازک حالت کے باعث ہسپتال لے جایا گیا
انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں فائنل میچ کے دوران اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد کھلاڑی اور شائقین شدید متاثر ہوئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں فائنل میچ کے دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد کئی فلسطینی فٹبال کھلاڑیوں اور شائقین کو دم گھٹنے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے مشرقی یروشلم کے قصبے الرام میں دحیات البرید اسٹریٹ میں فیصل الحسینی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے اندر آنسو گیس کے گولے داغے۔
واقعے میں کئی فلسطینی فٹ بال کھلاڑیوں اور درجنوں شائقین بشمول بچوں کو گیس کی وجہ سے سانس لینے میں شدید مشکلات پیش آئیں اور میدان میں ہی ان کا علاج کیا گیا جبکہ تین افراد کو نازک حالت کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔
ترکی کے جنرل قونصل برائے فلسطین احمد رضا دیمیرر اور پی ایف اے کے صدر جبریل الراجوب ابو عمار کپ کے فائنل میں شرکت کر رہے تھے جب اسرائیلی فورسز نے مقابلے میں خلل ڈال دیا۔ پی ایف اے نے کہا کہ میچ نابلس کے فٹبال کلب مرکز بلاتہ اور یروشلم کے کلب جبل المکابر کے درمیان تھا جس میں ہاف ٹائم کے وقفے کے دوران حملہ ہوا۔