بھارت میں انتہائی مطلوب سکھ رہنما نے نامعلوم مقام سے ویڈیو پیغام جاری کردیا

امرت سنگھ کی تمام سکھ گروپوں کا مشترکہ اجلاس گولڈن ٹمپل میں بلانے کی اپیل


آصف محمود April 01, 2023
امرت سنگھ کی تمام سکھ گروپوں کا مشترکہ اجلاس گولڈن ٹمپل میں بلانے کی اپیل

بھارت میں خالصتان کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ نے شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار سے اپیل کی ہے کہ 14 اپریل کو وساکھی کے دن سربت خالصہ یعنی تمام سکھ جتھے بندیوں اورگروپوں کا مشترکہ اجلاس گولڈن ٹمپل امرتسرمیں بلایا جلائے جہاں سکھوں پربھارتی حکومت کے مظالم اور ان کی مشکلات پر بات کی جائے۔

وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال سنگھ گزشتہ دو ہفتوں سے مفرورہیں اوربھارتی پنجاب کی پولیس ان کی کھوج میں ہے۔ امرت پال سنگھ نے نامعلوم مقام سے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہےجس میں انہوں نےکہا ہے کہ بھارتی پولیس انہیں گرفتار نہیں کرسکی ہے اور وہ اس وقت ایک محفوظ مقام پر ہیں۔

امرت پال سنگھ نے کہا کہ رب کی مہربانی سے وہ پولیس کا بہت بڑا گھیراتوڑ کرنکلنے میں کامیاب ہوئے، خدا ان سے کوئی بڑاکام لینا چاہتا ہے اوریقینا اس میں انہیں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی پنجاب میں امرت پال سنگھ کی گرفتاری کیلئے 4 روز سے انٹرنیٹ بند

انہوں نے سکھوں کے سب سےبڑے سیاسی اورمذہبی مقام شری اکال تخت صاحب کے جتھے دارگیانی ہرپریت سنگھ سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 اپریل کو وساکھی کے موقع سربت خالصہ بلائیں جس میں تمام سکھ رہنما شریک ہوں اوراس میں سکھوں کو درپیش مسائل اورمشکلات پر بات کی جائے۔

بھارت میں مختلف سکھ جماعتیں اور گروہ اپنے اپنے مطالبات لیکر احتجاج کرتی ہیں۔ پنجاب (بھارتی) کوبچانے اورسکھوں کی بقا کے لئے سربت خالصہ میں بات ہونی چاہئے۔



انہوں نے کہا اس وقت ان کے بہت سے ساتھیوں کو آسام میں قید کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں بھی سینکڑوں بیگناہ سکھ نوجوان قید ہیں۔ بھارت کی مودی حکومت جان بوجھ کرسکھوں کو منشیات پر لگارہی ہے اور انہیں ان کی مذہبی پہچان پگڑی،داڑھی اورکرپان سے دور کیا جارہا ہے تاکہ سکھ نوجوان نشے کے عادی ہوکر اپنے حقوق اور خالصتان کی بات نہ کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی سکھوں کا گرفتار نوجوانوں کی رہائی کیلیے حکومت کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

ذرائع کے مطابق امرت پال سنگھ کی طرف سے گیانی ہرپریت سنگھ کے ذریعے ہتھیارڈالنے اورگرفتاری دینے پر بات چیت ہوئی ہےتاہم اس حوالے سے ابھی فریقن کی طرف سے کسی نے بھی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ ذرائع کے مطابق امرت پال سنگھ اپنی شرائط پر ہتھیارڈالنے کا خواہشمند ہے تاہم اس کے لئے وہ شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار کی ثالثی چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ پولیس کریک ڈاؤن سے قبل 3 مارچ کو امرت پال سنگھ نے 3 اکال تخت کے سربراہ گیانی ہرپریت سنگھ سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں انڈین پنجاب انٹیلی جنس کے سربراہ جسکرن سنگھ نے بھی 24 مارچ کو ہرپریت سنگھ سے ملاقات کی اورانہوں نے گیانی ہرپریت سنگھ کو مشوری دیا تھا کہ وہ امرت پال سنگھ کو سرنڈر کرنے کا مشورہ دیں۔

علاوہ ازیں امرت پال سنگھ کی ویڈیوسامنے آنے پر بھارتی پنجاب پولیس پر یہ دباؤ ختم ہوگیا ہے کہ امرت پال سنگھ پولیس کی حراست میں ہے جسے کسی نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔ امرت پال سنگھ کے اہل خانہ اور حامیوں نے پنجاب پولیس پر انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کا الزام لگاتے ہوئے پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹس میں امرت پال سنگھ کی بازیابی کی درخواستیں بھی دائر کررکھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |