حکومت نے جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف کیس کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

عمران خان دور میں فاضل جج کیخلاف کیوریٹو ریویو درخواست دائر کی گئی تھی

(فوٹو : فائل)

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کیلئے سپریم کورٹ میں متفرق در خواست دائر کردی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست اے او آر نے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر کیوریٹو درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتی اس لیے حکومت سپریم کورٹ میں دائیر کیوریٹو ریویو واپس لے رہی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کیس واپس لینے کی اجازت دے۔


واضح رہے کہ عمران خان دور حکومت میں پہلے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ہٹانے کیلئے انکے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا تاہم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کونسل کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر پہلے سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور بارز نے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی دائر کی اور نظرثانی درخواستوں میں اکثریتی فیصلے کے ذریعے ساری کارروائی کو ختم کردیا گیا تھا تاہم جس کے بعد دوبارہ اُس وقت کی حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو کے نام سے درخواست دائر کردی تھی جسے اب حکومت نے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story