سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو 10 ماہ قید کے بعد پٹیالا جیل سے رہا

بھارتی سپریم کورٹ نے نوجوت سنگھ سدھو کو 34 برس پرانے حادثے کے کیس میں 1 سال قید کی سزا سنائی تھی


ویب ڈیسک April 01, 2023
فوٹو:فائل

معروف سابق بھارتی کرکٹر اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو 10 ماہ قید کاٹنے کے بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔

گزشتہ برس بھارتی سپریم کورٹ نے نوجوت سنگھ سدھو کو 34 برس پرانے حادثے کے کیس میں 1 سال قید کی سزا سنائی تھی، حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

سابق بھارتی کرکٹر گزشتہ 10 ماہ سے پٹیالا کی جیل میں قید تھے، سزا مکمل ہونے سے پہلے رہائی سے متعلق جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سدھو کی 2 ماہ قبل رہائی جیل میں اچھے برتاؤ کے باعث عمل میں آئی۔

سدھو کے حامی بھی بڑی تعداد میں جیل کے باہر موجود تھے اور جیسے ہی سدھو جیل سے باہر آئے تو حامیوں نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ سدھو ہاتھ جوڑ کر ان کی موجودگی پر ان کا شکریہ ادا کرتے رہے۔

خیال رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے ریاستی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد پنجاب کانگریس کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، گزشتہ ہفتے نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا تھا، انہیں دوسرے اسٹیج کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔