ٹیکسی ڈرائیور نے اجنبی شخص کو گردہ عطیہ کر دیا

سابق امریکی فوجی اور اوبر ڈرائیور نے 73 سالہ مریض کو اپنا گردہ عطیہ کر دیا جس کے بعد اب دونوں تندرست ہیں

تصویر میں سابق امریکی فوجی اور اوبر ڈرائیور ٹم ، بل سیمویئل کے ساتھ موجود ہیں جن کے گردے سے اب بل مکمل صحتیاب ہیں۔ فوٹو: فاکس نیوز

انسانی ایثار اور ہمدردی کی ایک عجیب و غریب خبر امریکا سے آئی ہے جہاں اوبر ٹیکسی ڈرائیور نے ایک اجنبی مریض کو اپنا گردہ عطیہ کر دیا ہے۔

سابق امریکی فوجی ٹِم لیٹس، نیوجرسی میں رہتے ہیں جہاں ایک دن انہیں 73 سالہ بِل سیموئیل کو اسپتال پہنچانا تھا جن کے گردے فیل ہوچکے تھے۔ گزشتہ 20 برس کی ذیابیطس سے ان کے دونوں گردے ناکارگی کی آخری حد پر تھے۔

دوسری جانب ڈاکٹروں کو بِل کے لیے گردہ درکار تھا اور وقت گزرتا جارہا تھا کیونکہ ڈائلائسِس کا عمل بھی بہت کارگر ثابت نہیں ہورہا تھا۔ تاہم ٹِم نے انہیں اسپتال پہنچایا اور اس دوران ان سے گفتگو بھی کرتا رہا۔ اب ان دونوں کے درمیان بے تکلفی بڑھی اور بِل نےانہیں بتایا کہ وہ گردے کے عطئے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔


اسی ایک سفر میں ٹم فیصلہ کرچکے تھے کہ وہ اس مجبور شخص کو اپنا گردہ ضرور دیں گے۔ اس کے بعد ٹم دوبارہ مریض بل سیموئیل کے گھر گئے اور اپنا پتہ اور رابطہ نمبر دیا اور یقین دلایا کہ وہ اپنی بات پر قائم رہے گا۔

اب اگلا مرحلہ گردے کی میچنگ کا تھا جس پر تمام فریقین پریشان تھے۔ اتفاق سے تمام ٹیسٹ سے ٹم کے گردے بل کے لیے انتہائی موزوں ثابت ہوئے اور امید کی کرن بن گئے۔

دسمبر 2022 کو گردے کی پیوندکاری کے ایک برس بعد ٹم نے بل سے ملاقات کی اور اس موقع پر بل سیموئیل نے ان کا بہت شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ بِل ساڑھے تین برس سے گردے کی تلاش میں تھے۔
Load Next Story