سپر اوور میں قسمت نے کیویز کا ساتھ چھوڑ دیا

پہلے ٹی 20 کی صورت میں سری لنکا کو ٹور کی پہلی فتح نصیب

پہلے ٹی 20 کی صورت میں سری لنکا کو ٹور کی پہلی فتح نصیب۔ فوٹو: گیٹی امیجز

سری لنکا نے کیوی ٹور میں پہلی فتح کا ذائقہ چکھ لیا جب کہ سپر اوور میں قسمت کیویز کا ساتھ چھوڑ گئی۔

سری لنکا نے اعصاب کی جنگ میں نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیریز کا پہلا ٹی 20 نام کرلیا، آئی لینڈرز نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ پر 196 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، چیراتھ ایسالینکا نے 41 بالز پر 67 کی بھرپور اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل رہے۔

کوشل پریرا نے 53 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، انھوں نے 13 ویں ففٹی داغ کر مختصر فارمیٹ میں تلکارتنے دلشان کا ملکی ریکارڈ بھی برابر کرلیا، کوشل مینڈس 25، ونندو ہسارنگا 21 جبکہ کپتان ڈوسان شناکا 1 رن بناکر پویلین واپس ہوئے، دھننجایا ڈی سلوا 15 رنز بناسکے، جمی نیشم نے 30 رنز دیکر 2 وکٹیں لیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک نیوزی لینڈ ٹی20 سیریز؛ ٹکٹ کب کہاں اور کس قیمت پر ملیں گے؟


نیوزی لینڈ نے بھی جوابی اننگز میں 8 وکٹ پر 196 رنز بناکر مقابلے کو سپر اوور میں دھکیلا، کیویز کی جانب سے ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 66 رنز اسکور کیے، انھوں نے 44 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے اور 3 چھکے بھی جڑے، مارک چیپمین نے 33 رنز بناکر ٹیم کو تقویت پہنچائی۔

کپتان ٹام لیتھم نے 27 رنز بنانے کے لیے 16 گیندوں کا سامنا کیا، انھوں نے 5 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا. پرامود مدھوشن، ونندو ہسارنگا اور ڈوسان شناکا نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کرنے کا اہتمام کیا، ایش سودھی نے آخری گیند پر چھکا جڑکر میچ ٹائی کیا۔

بعدازاں فیصلہ کن اوور میں تھیکشانے نے نیوزی لینڈ کو2 وکٹ پر 8 رنز تک محدود رکھا، سری لنکا نے ہدف 3 بالز پر حاصل کرلیا۔

ایسالینکا نے دوسری بال پر چھکا جبکہ تیسری گیند پر چوکا جڑدیا، پہلی گیند پر مینڈس نے سنگل رنز بنایا تھا، یہ گیند فرنٹ فٹ نوبال بھی قرار پائی جس پر آئی لینڈرز کوچار کی بجائے 5 رنز ملے۔
Load Next Story