کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز کی اوسلو میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ

مسافر پر بلڈ پریشر کم اور بے ہوشی طاری ہونے لگی، پرواز میں موجود ڈاکٹرز کی تصدیق کے بعد ایمرجنسی ڈکلیئر کی گئی


ویب ڈیسک April 03, 2023
مسافر کی اسپتال منتقلی کے بعد پرواز نے اوسلو سے ٹورنٹو کے لیے دوبارہ اڑان بھری

جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز 783 کی اوسلو ائرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی۔

ترجمان قومی فضائی کمپنی کے مطابق دوران پرواز سید جاوید نامی مسافر کی حالت بگڑ گئی تھی۔ مسافر کا بلڈ پریشر کم ہونے اور بے ہوشی طاری ہونے کے سبب فوری طبی امداد کی فراہمی ناگزیر ہوگئی اور پرواز کی اوسلو ائرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کروانی پڑی۔

پی آئی اے کی پرواز میں موجود 3 ڈاکٹروں نے مسافر سید جاوید کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی،تاہم ڈاکٹروں کی متفقہ رائے کے مطابق ایمرجنسی ڈیکلیئر کی گئی، جس پر پرواز کے کپتان نے اوسلو ائرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر طیارہ اتارنے کی اجازت اور طیارے کے دروازے کے ساتھ ایمبولینس طلب کی، جس کے بعد مسافر کو مکمل طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 783 نے اوسلو ائرپورٹ سے ٹورنٹو کے لیے دوبارہ اڑان بھری۔ ایمرجنسی میڈیکل گراؤنڈ پر لینڈنگ کے سبب مسافر کو طبی امداد اور دیگرامور کے باعث پرواز مقررہ منزل تک پہنچنے میں 4 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی۔پی آئی اے کی ٹورنٹو سے واپس پاکستان(اسلام آباد)پرواز اب نائٹ کرفیو کے سبب 13 گھنٹے کی تاخیر سے آپریٹ ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں