لیاقت آباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف مکین سڑکوں پر نکل آئے

سندھی ہوٹل، اعظم نگر اور دیگر علاقوں میں کئی دنوں سے بجلی نہیں ،شکایت پر ’’مرمت جاری ہے‘‘ بتایا جاتا ہے، مظاہرین


Staff Reporter April 17, 2014
لیاقت آباد کے مکین بجلی کی کئی دن سے بندش کیخلاف سڑک پرٹائر جلاکر احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے سندھی ہوٹل کے قریب احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹائر نذرآتش کیے جس سے بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سندھی ہوٹل اور اعظم نگر میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکین مشتعل ہوگئے ، مشتعل مظاہرین جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی سندھی ہوٹل کے قریب سڑک بلاک کردی،ٹائر اور کچرا پھینک دیا ،مظاہرین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ 5 روز سے بجلی نہیں ہے جبکہ وہ بجلی کے بل بھی باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں ، متعدد بار کے الیکٹرک کے متعلقہ دفتر سے رابطہ کیا جس پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل فالٹ ہے جسے درست کیا جا رہا ، احتجاج میں شامل خواتین کا کہنا تھا کہ وہ کونسا فالٹ ہے جو 5 دن گزرنے کے باوجود ٹھیک نہیں ہوسکا۔

مظاہرین نے بتایا کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث علاقے میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہے ، سخت گرمی میں بجلی اور پانی کے نہ ہونے پر شہری کس مشکلات کا شکار ہیں اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہے ، مشتعل مکینوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے افسران جو ائیرکنڈیشن دفتروں میں بیٹھ کر بادشاہ بنے ہوئے ہیں ان کے گھر والوں کو ہمارے علاقوں میں لا کر رکھا جائے تاکہ انھیں اندازہ ہوسکے کہ بجلی اور پانی کے بغیر زندگی کیسے گزاری جاتی ہے ،احتجاج کی اطلاع پر علاقہ پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔

رینجرز کے افسران نے علاقہ مکینوں سے مذاکرات کے بعد انہیں کے الیکٹرک سے بات چیت کے بعد جلد بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے،اس دوران سندھ ہوٹل پر بد ترین ٹریفک جام رہا ، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اگر آج بجلی بحال نہیں کی گئی تو کل پھر احتجاج کریں گے اور بجلی کی فراہم بحال کیے جانے تک احتجاج جاری رکھیں گے پھر کسی سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے،علاوہ ازیں عزیزآباد بلاک 2 میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری اوروولٹیج کی کمی بیشی سے کئی گھروں کے برقی آلات جل گئے،مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر کے الیکٹرک نے عزیزآباد بلاک 2 رضوان جوس سینٹر اور کراچی اکیڈمی اسکول کی گلیوں میں وولٹیج کی کمی وبیشی پر قابو نہ پایاتو دفتر کا گھیرائو کریں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں