جماعت اسلامی کا’’حق دو کراچی کو‘‘ تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو بھرپور ووٹ دیے، مینڈیٹ قبول کرلیں تو بہتر، ورنہ رسوا ہوکر قبول کرنا پڑے گا، پریس کانفرنس


ویب ڈیسک April 03, 2023
سیکڑوں مقامات پر تحریک کےلیے کیمپ لگانے جا رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمن (فوٹو فائل)

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ''حق دو کراچی کو'' تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ایک امیر طبقہ ہم پر مسلط ہے۔ مہنگائی کے بوجھ تلے ہمیں اس طبقے نے دبائے رکھا ہے۔ جب کوئی سمت نہ ہو، عوام کا خیال نہ رکھا جائے تو عوام کا یہی حال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے پیچھے وڈیرے اور جوڈیشری بھی ہیں۔ اب عوام کو اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 3 دن پہلے سائٹ میں جو واقعہ ہوا، ایک راشن کے لیے 12 لوگ جاں بحق ہوگئے۔ اللہ ہمارے ملک پر رحم فرمائے۔ اس وقت ہمارا ملک بہت سے بحرانوں سے گزر رہا ہے۔حکمرانوں کو عقل سلیم ملے یا ان سے جان چھوٹ جائے۔ 76 سال سے ایک حکمران طبقہ ملک پر قابض ہے۔ انہوں نے ہمیں جہالت میں رکھا اور مہنگائی میں پھنسایا۔انہی حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے چنگل میں پھنسایا اور عوام کو گروی رکھ دیا۔اس میں عدلیہ، فوج، جاگیردار سب شامل ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ عوام کو اب فیصلہ کرنا ہوگا۔ عوام متحد ہوکر قابضی ٹولے کے خلاف جدوجہد کریں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے جب کہ یہاں روز اشیا مہنگی ہو رہی ہیں۔ ملک میں بڑی تعداد ایسے سفید پوشوں کی ہے جو کہیں قطار میں نہیں لگ سکتے، ان کا کون پرسان حال ہے؟۔کمشنرز کوئی کام نہیں کررہے، صرف حکومت کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرمی بڑھی نہیں کہ بجلی کے اضافی چارجز آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس بار جو بل آئے گا اس میں 4 نت نئے ٹیکسز لگا دیے گئے ہیں۔جس کا بل 5 ہزار آنا چاہیے تھا، اس کا بل 20 ہزار تک پہنچ گیا ہے۔ رمضان المبارک میں گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے۔ لوگوں کو سحر و افطار میں گیس نہیں مل رہی۔ ملک میں گیس کے بھرپور زخائر موجود ہیں اور یہ حکمران طبقہ ہی نئے ذخائر کی تلاش نہیں کررہا ۔کس کے کہنے پر گیس نہیں نکالی جارہی؟۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ سیاست دان ہوں،عدلیہ ہو، جرنیل ہوں یا بیوروکریٹ، ان سب کے بچے باہر پڑھتے ہیں۔ شہر میں اسٹریٹ کرائم سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ لوٹ مار کرنے والے کون لوگ ہیں؟ کرائم کی تحقیقات کی جاتی ہے تو آگے سے پولیس والا نکلتا ہے۔ کیا آئی جی سندھ کو نہیں معلوم کہ کرائم کون کررہا ہے؟ ہمیں یک طرفہ بات نہ بتائی جائے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہتے پھر رہے ہیں کہ مئیر کراچی جیالا بنائیں گے۔آپ نے تو اس شہر کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ اہل کراچی سے درخواست ہے کہ ہمیں لڑوانے والوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔

حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ ہم اپنی ''حق دو کراچی کو'' تحریک کا دوبارہ آغاز کررہے ہیں۔ کل سے گلی گلی جائیں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ ان کے ساتھ مردم شماری میں کیا ہورہا ہے۔ہم 9اپریل کو ایک عظیم الشان جلسہ کریں گے۔عوام سے درخواست ہے کہ اس جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔

امیر جماعت نے کہا کہ ایم کیو ایم کا عجیب مسئلہ ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے کہہ رہے تھے کہ مردم شماری صحیح ہوئی ہے، اب کہہ رہے ہیں کہ اس میں پھر مسئلے ہیں۔ اگر یہ مردم شماری صحیح ہو جائے تو ان جاگیرداروں سے نجات مل جائے گی۔ یہاں ملازمتوں میں ڈنڈی ماری جاتی ہے۔ کروڑ ڈیڑھ کروڑ کراچی کے عوام کو نہیں گنا جائے گا تو ہمارے وسائل کم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ ایسے لوگوں سے ہوشیار ہو جائیں۔ ان لوگوں سے جنہوں نے ہمیشہ آپ کے مینڈیٹ کو بیچا ہے۔ ہم تحریک کے لیے کیمپس لگانے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن ابھی بھی وقت ہے کہ اپنا قبلہ درست کرلے۔ جماعت اسلامی کو کراچی والوں نے بھرپور ووٹ دیے ہیں، لہٰذا مئیر کراچی جماعت اسلامی ہی کا ہوگا اور آپ ابھی سے قبول کرلیں تو بہترہے ورنہ آپ کو رسوا ہوکر قبول کرنا پڑے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کل سے شہر کے سیکڑوں مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے۔ ہم نے رمضان میں کوئی بجٹ نہیں رکھا ۔ سندھ حکومت نے 15، 20 ارب بڑا بجٹ رکھا جو سمجھ سے بالا ہے۔ حکومت کا کام ہے کہ چیزیں سستی کی جائیں۔ بچت بازار لگانا حکومت کا کام نہیں۔ جماعت اسلامی نفع نقصان سے ہٹ کر کام کرتی ہے تو کیا حکومت نہیں کرسکتی؟۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں