پرویز الہیٰ کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا

ایف آئی اے کے کیس میں ضمانت ملنے کے تھوڑی دیر بعد اینٹی کرپشن نے دوسرے کیس میں گرفتار کیا

فوٹو فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محمد خان کو بھٹی کو تھوڑی ہی دیر قبل ایف آئی اے کے کیس میں عدالت نے ضمانت پر رہا کیا جس کے بعد انہیں اینٹی کرپشن نے دوبارہ گرفتار کرلیا، اس سے قبل سابق پرنسپل سیکریٹری ایف آئی اے کی حراست میں تھے۔


عدالت میں پیشی کے بعد ایف آئی اے سے اینٹی کرپشن نے محمود خان بھٹی کو گرفتار کیا۔ واضح رہے کہ محمد خان بھٹی پر منی لانڈرنگ افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کک بیک وصول کرنے کے الزامات ہیں اور انہیں چوہدری پرویز الہیٰ کا قریبی ساتھی بھی سمجھا جاتا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خان بھٹی کو حراست میں لینے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہیں منڈی بہاؤ الدین میں بننے والے پروجیکٹ میں کرپشن کے دوسرے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرادی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ محمد خان بھٹی کو کوئٹہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اُن کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں گھر سے حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا اور پھر معاملہ عدالت جانے پر کوئٹہ سے گرفتاری ظاہر کی گئی تھی۔
Load Next Story