کراچی ٹریفک حادثے و دیگر واقعات میں نوعمر لڑکے سمیت 5 افراد جاں بحق

لانڈھی میں ٹریفک حادثے، ملیر میں ٹرین کی ٹکر، گڈاپ میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں ہوئیں


Staff Reporter April 04, 2023
فوٹو؛ فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثے و دیگر واقعات میں نوعمر لڑکے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی جہاں متوفی کی شناخت 45 سالہ افضل کے نام سے کی گئی ، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا جسے نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی تاہم پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

دریں اثنا ملیر 15 کے قریب قراقرم ایکسپریس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئی ، ڈرگ روڈ ریلوے پولیس کے مطابق متوفی کی عمر50 سال کے لگ بھگ ہے مگر اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے شناخت میں مدد مل سکے، متوفی کی شناخت کے حوالے سے کوشش کی جارہی ہے۔ ۔

ماڑی پور کے علاقے سومار گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لے جائی گئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 25 سالہ دلدار کے نام سے کی گئی ہے جبکہ بتایا جارہا ہے کہ متوفی بجلی کے پول پر چڑھ کر کام کررہا تھا کہ اسے کرنٹ لگ گیا۔

علاوہ ازیں گڈاپ سٹی کے علاقے مین سپرہائی وے پر نجی ہاؤسنگ اسکیم میں زیر تعمیر عمارت پر کام کے دوران بلندی سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 58 سالہ قائم دین کے نام سے کی گئی جو محنت کش بتایا جاتا ہے۔

دریں اثنا کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے اللہ والا ٹاؤن سیکٹر آر کورنگی کراسنگ کے ایک گھر سے نوعمر لڑکے کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی۔اس حوالے سے ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 12 سالہ اریب کے نام سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق بتایا جارہا ہے کہ گھر میں کھیلتے ہوئے اتفافیہ طور پر گلے میں رسی کا پھندا لگنے سے بچے کی ہلاکت ہوئی ہے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے تاہم اس ضمن میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں