وزن گھٹانے سے دل پر اچھے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں

ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وزن کم کرنے سے اگلے پانچ برس تک ٹائپ ٹو ذیابیطس اور امراضِ قلب کا خطرہ کم ہوسکتا ہے

وزن گھٹانے سے دل کو تقویت ملتی ہے اور اس سے دیگرفوائد حاصل ہوتے ہیں۔ فوٹو: سائی ٹیک ڈیلی

زائد وزن خود درجنوں امراض کی وجہ ہے اور اب ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وزن گھٹانے سے دل پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ یہ اثرات اگلے پانچ برس تک برقرار رہتے ہیں تھوڑا وزن بڑھنے سے بھی اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

یہ عام بات ہے کہ وزن گھٹانے کے کچھ عرصے بعد دوبارہ وزن بڑھ جاتا ہے۔ اسی فکر میں لوگ شعوری طور پر موٹاپا کم کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ لیکن جامعہ آکسفورڈ میں غذائیات کی پروفیسر سوسن اے جیب نے کہا کہ اگر وزن کم کرنے کے بعد اس میں کچھ اضافہ ہو بھی جائے تو اس کے فوائد برقرار رہیں گے۔

سوسن کے مطابق وزن کم کرنے سے اگلے پانچ برس تک قلبی صحت اور ٹائپ ٹو ذیابیطس میں کمی کے امکانات برقرار رہیں گے اور یوں وزن گھٹانے کے طبی فوائد مسلم ہیں۔ سوسن اور ان کے ساتھیوں نے اپنی تحقیق 'سرکولیشن کارڈیوویسکیولرکوالٹی اینڈ آؤٹ کمز' نامی ریسرچ جرنل میں شائع کرائی ہیں۔


ڈاکٹر سوسن اور ان کے ساتھیوں نے 124 مطالعات کا بغور جائزہ لیا ہے جس میں اوسط 51 برس کے 50 ہزارافراد شامل تھے۔ ہر فرد کا 28 ماہ بعد فالو اپ کیا گیا۔ اس میں وزن کم کرنے کے بعد شریک افراد میں امراضِ قلب اور ذیابیطس کی جسمانی علامات (بایومارکرز) کا جائزہ لیا گیا۔

ماہرین نے 2 سے پانچ کلوگرام وزن کرنے والے افراد کا دیگر سے موازنہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان میں مضرکولیسٹرول کم ہوا، بلڈ پریشر کم دیکھا گیا اور ایچ بی اے ون سی کی شرح بھی کم تھی۔ اس کے علاوہ امراضِ قلب کے بایومارکر بھی کم دیکھے گئے۔

ماہرین نے نوٹ کیا کہ اس عرصے میں بعض افراد کا وزن دوبارہ بڑھا لیکن ان میں وزن کم کرنے کے فوائد واضح تھے۔
Load Next Story