ویمنز اولمپک کوالیفائرز پاکستان کو فلپائنز کے ہاتھوں شکست کا سامنا

فلپائنز نے پاکستان کو 0-4 سے زیر کیا


ذبیر نذیر خان April 05, 2023

اے ایف سی کے ویمنز اولمپک کوالیفائرز کے افتتاحی میچ میں پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کو فلپائنز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق تاجکستان کے شہر دشنبے میں جاری ابتدائی کوالیفائنگ راونڈ کے پہلے میچ کے پہلے ہاف میں ہیلی لونگ نے 22ویں منٹ پر فلپائن کا کھاتہ کھولا، تین منٹ بعد سرینا بولڈن نے گول کر کے برتری کو دگنا کردیا۔ایوا مدارنگ نے اپنی ٹیم کو0-3کی برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں گرین شرٹس نے ایک بار پھر جوش و جذبے کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا لیکن فلپائنی کھلاڑیوں نے انہیں آزادانہ طور پر کھیلنے نہیں دیا بلکہ 85ویں منٹ میں چاندلر میک ڈینیئل کے ذریعے مقابلہ0-4 کردیا جو حتمی رہا۔

پاکستان ویمن ٹیم اپنا دوسرا میچ 8 اپریل کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں ٹیم کا ٹکراؤ میزبان تاجکستان کی ٹیم سے ہوگا۔پہلے راؤنڈ کےلیے کل 26 ٹیموں کو سات گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس راؤنڈ میں ہر گروپ کے فاتح دوسرے راؤنڈ میں جائیں گے۔جہاں ان کے ساتھ پانچ سب سےزیادہ سیڈ والی جنوبی کوریا، شمالی کوریا،جاپان، آسٹریلیا، چین شامل ہوں گی۔دوسرے راؤنڈ کی چار ٹیمیں بشمول تین گروپ کی فاتح اور بہترین درجہ کی رنر اپ پھر تیسرے راؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی جہاں وہ دو جوڑے ہوم اور اوے میچ کھیلیں گی جس میں دو حتمی فاتحین پیرس میں اولمپک ویمن فٹ بال ٹورنامنٹ2024 میں شرکت کی اہل ہوں گی۔

کوالیفائنگ راونڈ میں ماریہ خان پاکستان کی 22 رکنی ٹیم کی کپتان اورملکہ نور ان کی نائب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں