ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری میں پیداوار معطل

ملک میں تیار کردہ ڈیزل اور پیٹرول مصنوعات کی کھپت میں کمی ریفائنری کی بندش کی بڑی وجہ ہے، ذرائع


ویب ڈیسک April 06, 2023
ریفائنری فوری مرمت کے لیے بند کی گئی،پارکو انتظامیہ :فوٹو:فائل

معاشی بحران اور اسمگل شدہ مصنوعات کی بھرمار کے باعث ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری میں پیداوار معطل ہوگئی۔

پیٹرولیم انڈسٹری ذرائع کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کو بند کردیا گیا ہے۔ پارکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریفائنری مرمت کی فوری ضرورت کی وجہ سے بند کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں تیار کردہ ڈیزل اور پیٹرول مصنوعات کی کھپت میں کمی ریفائنری کی بندش کی بڑی وجہ ہے۔ پاکستان کی آئل ریفائنریز کو موجودہ مالیاتی بحران کی وجہ سے بھی آپریشنز چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پارکو سمیت تمام ریفائنریز نے حکام کو مسائل سے آگاہ کردیا تھا جبکہ وفاقی وزیر مملکت نے بھی گزشتہ روز پارکو کا دورہ کیا۔

ریفائنریز کو ایکسچینج ریٹ کی ریکوری ، آئل پرائس پر مصنوعی کنٹرول اور خام تیل کی درآمد کے لیے ایل سی کھولنے میں مشکلات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

پارکو کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریفائنری میں پیداواری عمل 5 روز کے لیے روک دیا گیا ہے جو پہلے سے طے شدہ مرمتی کام کا حصہ ہے۔ ریفائنری میں پیداواری سرگرمیاں 11 اپریل کو بحال کی جائیں گی۔ بندش کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں