بھائی سے جھگڑے  کے دوران بہن نے موبائل فون نگل لیا

ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کی حالت اب بہتر ہے اور دو تین روز میں اسے اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔


ویب ڈیسک April 06, 2023
لڑکی کو فوری طور پر اسپتال  لایا گیا  جہاں ڈاکٹروں نے  دوگھنٹے طویل آپریشن کے بعد اس کی جان بچالی، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ کے علاقے میں بہن نے بھائی سے جھگڑے کے دوران موبائل فون نگل لیا۔ لڑکی کو فوری طور پر اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دوگھنٹے طویل آپریشن کے بعداس کی جان بچالی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھنڈ کے رہائشی بھائی اور بہن کے درمیان کسی بات پر توتکار ہونے لگی، جب بحث نے شدت اختیار کی تو بہن نے شدید غصے کے عالم میں چینی ساختہ کی پیڈ والا موبائل فون نگل لیا۔

بہن کی اس حرکت پر بھائی حیران پریشان ہوگیا۔ پھر جب کچھ دیر کے بعد لڑکی کے پیٹ میں درد شروع ہوا اور اسے الٹیاں بھی ہونے لگیں تو گھر والے مزید گھبرا گئے اور اسے فوری طور پر گوالیار میڈیکل کالج سے الحاق شدہ جیاروگیا اسپتال کے ہنگامی طبی امداد کے شعبے میں لے کر پہنچ گئے۔

ڈاکٹروں نے معاملہ علم میں آنے کے بعد فوری طورپر لڑکی کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔ آپریشن کے لیے اسپتال کے ماہرترین ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جس میں شعبہ ہنگامی طبی امداد کے سربراہ ڈاکٹر پرشانت شری واستو، یونٹ انچارج ڈاکٹر پرشانت پپریا اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نویشن کشواہا شامل تھے۔

الٹراساؤنڈ، سی ٹی اسکین اور ایکس رے کرنے کےبعد ڈاکٹروں کی رائے تھی کہ موبائل فون کو اینڈواسکوپی یا لیپرواسکوپی کے ذریعے بحفاظت نہیں نکالا جاسکتا، چناچنہ باقاعدہ سرجری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈاکٹروں کی ٹیم نے دو گھنٹے طویل آپریشن کے بعد لڑکی کے معدے سے موبائل فون برآمد کرلیا۔ ڈاکٹر پرشانت شری واستو کے مطابق لڑکی کی حالت اب بہتر ہے اور دو تین روز میں اسے اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں