بابراعظم کی پنجاب کے مشیر کھیل وہاب ریاض کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
بابر اعظم نے وہاب ریاض کو ذمہ داری ملنے پر مبارک باد پیش کی اور کھیلوں کی ترویج کیلیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وہاب ریاض کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر برائے کھیل بننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب کے مشیر کھیل وہاب ریاض سے کپتان بابر اعظم کی ملاقات ہوئی۔ کپتان بابر اعظم نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں وہاب ریاض کے دفتر آکر ملاقات کی اور انہیں نگراں حکومت پنجاب کا مشیر بننے پر مبارکباد دی۔
بابر اعظم نے نئی ذمہ داری سنبھالنے پر وہاب ریاض کےلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے وہاب ریاض کھیلوں کے فروغ کےلئے بہترین کام کریں گے۔
اس موقع پر مداحوں نے بابر اعظم کو گھیرا اور اُن کے ساتھ سیلفیز بنوائیں۔
مشیر کھیل نگران حکومت پنجاب ویاب ریاض نے بابر اعظم کو پنجاب ہاکی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ۔وہاب ریاض اور بابر اعظم کا مل کر پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رمضان گیمز میں تعاون پر بابر کا مشکور ہوں۔ کرکٹ سمیت پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
بابر اعظم نے وہاب ریاض کے ساتھ کھیل اور کھلاڑیوں کی ترویج کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کا یقین دلایا۔ بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔