امریکی ریاست میں شہریوں کے دھات سے آلودہ پانی پیے جانے کا انکشاف

میینگنیز سے آلودہ پانی بچوں میں ذہنی معذوری اور بڑوں میں رعشہ کے مرض کا سبب بن سکتا ہے


ویب ڈیسک April 09, 2023

ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے 13 لاکھ سے زائد شہری ممکنہ طور پر میینگنیز سے آلودہ پانی پی رہے ہیں جو بچوں میں ذہنی معذوری اور بڑوں میں رعشہ کے مرض کا سبب بننے کے لیے کافی ہے۔

پانی کے متعلق اس تشویش ناک صورتحال کا انکشاف یونیورسٹی آف کیلیفورنیا رِیور سائیڈ(یو سی آر) کے محققین نے کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ یہ دھات کیلیفورنیا کےعلاقے سینٹرل ویلی کے صاف نہ کیے جانے والے کنوؤں میں پھیل رہی ہے۔

تحقیق میں سائنس دانوں نے نجی کنوؤں اور عوامی پانی کے نظام کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ سینٹر ویلی کے تقریباً 89 فی صد شہری ممکنہ طور پر منگنیز سے شدید نوعیت کا آلودہ پانی پی رہے ہیں۔

یہ تحقیق ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یونیورسٹی آف لاس اینجلیس نے پانی میں موجود لیتھیم اور آٹزم کے درمیان ممکنہ تعلق کے متعلق بتایا تھا۔

یو سی آر سوائل سائنٹسٹ اور محقق سمانتھا یِنگ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ریاست کی کل آبادی کے مقابلے میں آلودہ پانی پینے والوں کی تعداد نسبتاً کم ہے لیکن ان کےلیے صحت کے خطرات زیادہ ہیں۔

گزشتہ مطالعوں میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جسم میں زیادہ مقدار میں مینگنیز جانے سے رعشہ جیسے اعصابی امراض کی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں کیوں کہ یہ عنصر دماغ کے بیسل گینگلیا حصے میں ذخیرہ ہوجا تا ہے۔

ٹیم نے بتایا کہ مقامی اپنی مدد آپ کے تحت پانی صاف کرنے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں جن میں آکسیڈیشن اور پرسیپیٹیشن سے لے کر واٹر سافٹنر، کلورینیشن اور رِیورس اوسموسِس سسٹمز شامل ہیں۔

ٹیم کی جانب سے تحقیق کے لیے سینٹرل ویلی کا انتخاب کرنے کی وجہ یہ تھی کہ اس علاقے کوامریکا کا سب سے زیادہ پیداوار کرنے والا اور معاشی اعتبار سے اہم زرعی خطوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور ریاست کیلیفورنیا میں کنوؤں کا استعمال کرنے والی آبادی کا ایک تہائی حصہ اس علاقے میں آباد ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں