سپریم کورٹ ہرحال میں آئین کا تحفظ کرے گی چیف جسٹس

تمام ادارےاپنی آئینی حدودمیں کام کریں توگڈگورننس کاخواب شرمندہ تعبیرہوسکتاہے،چیف جسٹس کاعالمی جوڈیشل کانفرنس سےخطاب


ویب ڈیسک April 18, 2014
عدلیہ کو موجودہ حالات میں قانون کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا،چیف جسٹس۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ عدلیہ ہر حال میں آئین کا تحفظ کرے گی اور موجودہ حالات میں قانون کی بالادستی کے لئے اسے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔


اسلام آباد میں انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا فخر ہے کہ ملک میں سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، ترقی پذیر جمہوریتوں کی طرح پاکستان کو بھی دہشتگردی، نسل پرستی اور لسانی تقسیم جیسی برائیوں کا سامنا ہے تاہم ان حالات میں عدلیہ کو قانونی کی بالادستی کیلئے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔


جسٹس تصدق جیلانی نے کہا کہ 3 سالہ طویل اور کٹھن جدوجہد کے بعد عدلیہ نے آزادی حاصل کی، عدلیہ کی جانب سے لوگوں کو انصاف پہنچانے کی کوشش میں وکلا سڑکوں پر آئے، یہی وجہ ہے کہ انصاف کی فراہمی کیلئے وکلا کا کردار اہم ہے، تمام ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں تو گڈ گورننس کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے پشاور چرچ دھماکے کا نوٹس لے کر اقلیتی برادری کے حقوق کا خیال رکھا۔


واضح رہے کہ انٹر نیشنل جوڈیشل کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، بھارت، ترکی ، نائیجیریا، لیبیا،سری لنکا سمیت کئی ممالک کے وفود شریک ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں