کچے کے ڈاکوؤں نے تاوان کیلیے چار تاجروں کو اغوا کرلیا
اغوا کاروں کا اہل خانہ سے رابطہ، مغویوں کی رہائی کیلیے چار کروڑ روپے تاوان ادائیگی کا مطالبہ
پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور کے چار تاجروں کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی تحصیل میلسی تھانہ ٹبہ سلطان پور سے تعلق رکھنے والے کپڑے کے چار تاجروں کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر کے اہل خانہ سے تاوان کیلیے رابطہ کرلیا۔
ڈاکوؤں نے تاجروں کی رہائی کے بدلے چار کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق ڈاکوؤں نے تاجروں کو 7 ہزار سوٹ خریدنے کے بہانے گھوٹکی بلایا اور وہاں سے اغوا کر کے کچے کے علاقے میں لے گئے۔
تھانہ ٹبہ سلطان پور میں تاجروں کے اغوا کا مقدمہ اہل خانہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے تعاون سے بازیابی کیلیے آپریشن کیا جائے گا۔