ہاکی ٹیم کے کوچ کا تنخواہ کی عدم ادائیگی پرانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے رجوع کا عندیہ
8 ہزار یورو ماہانہ کی تنخواہ پر خدمات انجام دینے والے ایکمین کو گزشتہ 12 ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی
پاکستانی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچ سیگفریڈ ایکمین نے ایک برس کی تنخواہ کی عدم ادائیگی کے خلاف انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے رجوع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ کا کہنا ہے کہ معاملہ برداشت سے باہر ہو جانے کے بعد اب میں نے ہاکی کی عالمی تنظیم سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مجھے ایک برس کی واجب الادا تنخواہ مل جائے۔
رابطہ کرنے پر ایمسٹرڈیم میں موجود سیگفریڈ ایکمین نے کہا کہ میں نے13 مارچ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم کے دفتر سے درخواست کی تھی کہ مجھے ایک برس سے رکی ہوئی تنخواہ جاری کی جائے تاکہ پاکستان جونیئر ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے موزوں تیاری کر سکے۔
سیگفریڈ ایکمین نے کہا کہ بدقسمتی سے یاددہانی کے باوجود مجھے اپنے پیغامات کا کوئی جواب نہیں ملا، اب دوبارہ پاکستان میں ذمہ داران کو آگاہ کیا ہے کہ اب مجھے اس معاملے کے بارے میں ایف آئی ایچ کی تادیبی کمیٹی سے رابطہ کرنا پڑے گا۔
ہاکی کوچ نے کہا کہ میں اپنے حق کے لیے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے رجوع کرنے کی تیاری کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ بنیادی طور پر بھارت سے تعلق رکھنے والے ڈچ شہریت کے حامل سیگفریڈ ایکمین پاکستان سے قبل جاپانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 8 ہزار یورو ماہانہ کی تنخواہ پر خدمات انجام دینے والے ایکمین کو پاکستان اسپورٹس بورڈ نے گزشتہ 12 ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی۔