فرانس روسیوکرین جنگ بندی کیلئے چین کو قائل کرنے میں ناکام
چین فرانس کے ساتھ مل کر بین الاقوامی برادری سے پرامن رہنے کی اپیل کرنے کے لیے تیار ہے، شی جن پنگ
چینی صدر شی جن پنگ نے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون کے ساتھ مذاکرات کے بعد روس-یوکرین جنگ سے متعلق اپنے موقف میں تبدیلی کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میکرون کے چین کے سرکاری دورے کے دوسرے دن، شی جن پنگ کا یوکرین جنگ کے حوالے سے کہنا تھا کہ تمام فریقوں کو سیکورٹی خدشات ہیں تاہم انہوں نے اس بات کا کوئی عندیہ نہیں دیا کہ وہ روس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں گے اور روس کو جنگ بندی پر مجبور کریں گے۔
چینی صدر کا فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ کانفرنس میں کہنا تھا کہ چین فرانس کے ساتھ مل کر بین الاقوامی برادری سے پرامن رہنے کی اپیل کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن بات چیت جلد از جلد دوبارہ شروع کی جانی چاہیے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے حوالے سے تمام فریقین کے مناسب سیکورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی حل کی تلاش اور ایک متوازن، موثر اور پائیدار یورپی سیکورٹی فریم ورک کی تعمیر ضروری ہے۔