سلمان خان نے قتل کی دھمکیوں کے بعد بلٹ پروف گاڑی خرید لی
سلمان خان کی حفاظت کیلئے مہنگی ترین بلٹ پروف گاڑی خاص طور پر بیرون ملک سے درآمد کروائی گئی ہے
بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان نے قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد بلٹ پروف گاڑی خرید لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کو بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے حال ہی میں متعدد بار قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں جس کے بعد اداکار نے اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خود بہتر اقدامات کرنے شروع کر دیئے ہیں۔
سلمان خان نے اپنی حفاظت کیلئے جدید اور مہنگی ترین بلٹ پروف گاڑی 'Nissan Patrol SUV 'خرید لی ہے جو کہ خاص طور پر بیرون ملک سے درآمد کروائی گئی ہے اور اس وقت بھارت میں دستیاب نہیں ہے۔
یاد رہے کہ دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا تھا اور ان کے گھر کے باہر مداحوں کے جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
دوسری جانب سلمان خان کی نئی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان کا پہلا ٹیزر ریلیز ہوگیا ہے جو سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہو رہا ہے یہ فلم عید الفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔