خانپور اسکول کے راستے سے اغوا بچے بہاولپور سے بازیاب والدین کا اظہار تشکر

پولیس ٹیم نے اہل خانہ کی بچوں سے ویڈیو کال کے ذریعے بات کروائی، شہری مبارک باد دینے گھر پہنچ گئے


ویب ڈیسک April 08, 2023
11 سالہ شایان اور 7 سالہ سبحان کو گھر سے اسکول جاتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا (فوٹو سوشل میڈیا)

خانپور میں اسکول جاتے ہوئے اغوا کیے گئے 2 بچوں کو بہاولپور سے بازیاب کروا لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مغوی بچوں کے والد ڈاکٹر حسن محمود کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے میری فیملی کے ساتھ بچوں کی ویڈیو کال کے ذریعے بات کروائی ہے۔ انہوں نے بچوں کی بازیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔ بچوں کی بازیابی کی خبر ملتے ہی شہری بڑی تعداد میں مبارک باد دینے ڈاکٹر حسن محمود کے گھر پہنچ گئے۔

خان پور ضلع رحیم یار خان سے ڈاکٹر حسن کے دو بچوں کو سکول جاتے ہوئے اغوا کر لیا گیا۔



واضح رہے کہ خان پور میں اغوا کاروں نے سابق ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال خان پور ڈاکٹر حسن محمود کے بچوں کو گزشتہ روز صبح اسکول جاتے ہوئے راستے سے اغوا کیا تھا۔ بچوں کی والدہ بھی ڈاکٹر ہیں۔ 11 سالہ شایان اور 7 سالہ سبحان گاڑی پر ڈرائیور کے ساتھ اسکول جا رہے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے روک کر اغوا کرلیا۔

اغوا کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں 3 اغوا کار دیکھے جا سکتے ہیں۔ واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 





دریں اثنا گزشتہ روز اسکول جاتے ہوئے اغوا کیے گئے مغوی بچوں کی دادی نے ڈاکوؤں سے بچوں کو رہا کردینے کی التجا کی کی تھی، جس کی درد ناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ واقعے کے بعد سے مغوی بچوں کے اہل خانہ شدت غم سے نڈھال تھے جب کہ بچوں کی دادی نے سوشل میڈیا پر ڈاکوؤں سے رہائی کی التجا کی تھی۔

بچوں کی دادی نے ڈاکوؤں کو روتے ہوئے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بچے بیمار ہیں، مبارک مہینے کا واسطہ، بچوں کو گھر چھوڑ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کار بھائیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ بچوں کو چھوڑ دو۔بچے صبح اسکول بھی بھوکے روانہ ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں