فوج کا احترام کرتا ہوں ماضی کی تقریردکھا کر غلط تاثرپیدا کیا جارہا ہے وزیردفاع

مضبوط اور باعزت فوج قوم کا اثاثہ ہے اور ہمیں مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔خواجہ آصف


ویب ڈیسک April 18, 2014
پرانی تقاریر سے میرے متعلق پیدا ہونے والا تاثر حقیقت سے بالاتر ہے, خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مضبوط اور باعزت فوج قوم کا اثاثہ ہے جس کا بہت احترام کرتا ہوں جبکہ میڈیا پر میری کئی سال پہلے کی تقاریر چلا کر غلط تاثر دیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میڈیا پر چلائی جانےوالی میری تقاریر کسی اور سیاق وسباق سے ہیں اور کئی سال پہلے کی تقاریر سے غلط تاثردیا جارہا ہے جبکہ پرانی تقاریر سے میرے متعلق پیدا ہونے والا تاثر حقیقت کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا احترام کرتا ہوں او فوج جیسے باوقار ادارے کو نیچا دکھانا میرا مقصد نہیں تھا، مضبوط اور باعزت فوج قوم کا اثاثہ ہے،ہماری فوج کئی محاذوں پرلڑرہی ہے اور بے مثال قربانیاں دے رہی ہے ایسے میں غلط فہمیاں درست نہیں ہوں گی۔ وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں مادر وطن کے دفاع کے لیے فوج کی قربانیوں پر فخر ہے.

واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے فوج سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے غازی بیس تربیلا میں ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے ادارے کے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی جب کہ کورکمانڈرز کانفرنس میں بھی وزرا کے بیانات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے وزرا کو بیانات دینےسے روک دیا تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں