علی امین گنڈاپور ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے

ڈیوٹی مجسٹریٹ نے ہدایت دی کہ علی امین گنڈاپور کو کل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے


ویب ڈیسک April 09, 2023
(فوٹو فائل)

بغاوت پر اکسانے اور دہشتگردی کے دفعات کے تحت درج مقدمہ میں اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو اسلام آباد کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں کپڑا ڈال کر پیش کیا گیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ علی امین گنڈاپور کو کل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے۔

پراسیکیوٹر عدنان علی نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور تمام دفعات ناقابل ضمانت ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے پولیس کو دھمکایا ہے کہ وہ اپنا کام نہ کریں جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے جو واقع ہوا وہ بھی اس کا ایک شاخسانہ ہے۔

علی امین گنڈا پور کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ایک مجسٹریٹ ہے جس نے مقدمہ درج کروایا ہے، مجسٹریٹ خود ریمانڈ دیتے ہیں اور جوڈیشل کام سر انجام دیتے ہیں۔ پولیس والا جو دھمکی سے ڈرا اس نے بھی مقدمہ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عدالتوں کے ججوں کی گفتگو لیک ہوئی اور ہزاروں آڈیو لیکس ہوئی، کتنے مقدمے ہوئے، ایک حاضر سروس جج کی آڈیو لیک ہوئی کیا مقدمہ درج ہوا، ایک ایپ ہے جس میں کوئی بھی کچھ ریکارڈ کر کے کسی کی بھی آواز بنا سکتا ہے۔

بابر اعوان نے استدعا کی کہ عدالت علی امین گنڈا پور کو کیس سے ڈسچارج کرے۔

عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ علی امین گنڈاپور کو کل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور کی اسلام آباد کے قریب اسلحہ جمع کرنے کی آڈیو کو بھی مقدمہ کے ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں