نائجیریا میں مسلح گروپوں کے حملے میں 74 افراد ہلاک

بے گھر افراد کے کیمپ پر حملے میں 28 اور آخری رسومات کے اجتماع پر حملے میں 46 افراد ہلاک ہوئے، نائجیریائی حکام

نائجیریاکی کئی ریاستوں میں کاشت کاروں اور چرواہوں کے درمیان سخت کشیدگی پائی جاتی ہے، فوٹو: فائل 

نائجیریا کی ریاست بینوے میں مسلح گروپوں کے دو الگ الگ حملوں میں کم از کم 74افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بینوے کے ریاستی حکام اور پولیس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کسانوں اور بے گھر افراد کے کیمپ پر ہونے والے دو الگ الگ حملوں میں اب تک کم از کم 74 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔

ریاستی پولیس کی ترجمان کیتھرین اینینے کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب میگبان کے علاقے میں داخلی طور پر بے گھر افراد کے لیے قائم کیمپ پر ہتھیاروں سے مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوئے۔

حملے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رائفلیں اور دیگر ہتھیار لیے کچھ لوگ آگئے اور انہوں نے کیمپ میں آکر اندھادھند فائرنگ کرنی شروع کردی۔

اس واقعے سے قبل بدھ کو اوٹکپو کے دورافتادہ یومودگیدی نامی گائوں میں مبینہ طور پر چرواہوں کے ایک مسلح گروہ نے ایک فرد کی آخری رسومات میں شریک لوگوں پر حملہ کردیا۔ اوٹکپو کے چیئرمین باکو ایجے نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ اس حملے میں کئی درجن لوگ مارے گئے۔

گورنر بینوے کے سیکیورٹی ایڈوائزر پاؤل ہیمبا کے مطابق اس حملے کے بعد 46 لاشیں قریبی اسپتالوں میں پہنچائی گئیں۔


واضح رہے کہ نائجیریاکی کئی ریاستوں میں کاشت کاروں اور چرواہوں کے درمیان کئی برسوں سے سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔ چرواہے بڑھتی ہوئی آبادی کے سبب زیرکاشت زمین کے رقبے میں اضافے کی وجہ سے ختم ہوتی قدرتی چراگاہوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔

وہ کسانوں کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے لیے گلہ بانی کرکے روزگار کمانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ اسی وجہ سے ان کے درمیان مسلح تصادم ہوتے رہتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں واقعات بھی مبینہ طور پر اسی کا شاخسانہ ہیں۔

نائجیریا کے صدر محمدوبوہاری نےایک بیان میں حملے کے دونوں واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان علاقوں میں حکام کو سیکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ بڑھانے کا حکم دیا ہے۔

 

 

 
Load Next Story