تیل و گیس سیکٹر میں فروخت حصص مارکیٹ 3 حدیں گنوا بیٹھی

انڈیکس280 پوائنٹس کی کمی سے 29 ہزار69پر بند،197کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔


Business Reporter April 19, 2014
انڈیکس280 پوائنٹس کی کمی سے 29 ہزار69پر بند،197کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

طالبان کی جانب سے جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد حکومت طالبان مذاکرات میں ممکنہ تعطل پر تحفظات اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں وسیع پیمانے پر حصص کی آف لوڈنگ کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی29300 ، 29200 اور29100 کی 3حدیں بیک وقت گرگئیں۔

مندی کے باوجود50.51 فیصد حصص کی قیمتیں اگرچہ بڑھ گئیں لیکن اسکے برعکس سرمایہ کاروں کے80 ارب76 کروڑ62 لاکھ26 ہزار 430 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ مثبت معاشی اشاریوں کے علاوہ تھری جی فورجی لائسنس کی نیلامی سے مزید سرمائے کی آمد کے باعث آئندہ ہفتے مارکیٹ میں دوبارہ تیزی کا رحجان غالب ہونے کا امکان ہے، فی الوقت تکنیکی کریکشن کے سبب مارکیٹ میں مندی غالب ہوئی ہے کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں سے مارکیٹ میں متواتر تیزی رونما ہونے سے انڈیکس تاریخ کی بلندترین سطح تک پہنچ گیا تھا جس کے بعد مارکیٹ کی بہتری کے لیے تکنیکی درستی ضروری ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر92 لاکھ5 ہزار 833 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے ایک موقع پر226.16 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس 29576 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے44 لاکھ60 ہزار 974 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے30 لاکھ53 ہزار46 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے5 لاکھ32 ہزار219 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے11 لاکھ59 ہزار593 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلاسے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔

کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 280.41 پوائنٹس کی کمی سے 29069.93 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 195.68 پوائنٹس کی کمی سے20297.49 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 294.73 پوائنٹس کی کمی سے 46407.18 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 45.69 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر26 کروڑ95 لاکھ 40 ہزار90 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 390 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں197 کے بھائو میں اضافہ، 173 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |