خاتون اور گداگر کے ہراساں کرنے پر پریتی زنٹا کا شدید ردعمل
وقت آگیا ہے لوگ یہ سمجھیں میں پہلے انسان، پھر ماں اور پھر ایک مشہور شخصیت ہوں، بالی ووڈ اداکارہ
خاتون اور گداگر کی جانب سے ہراساں کرنے پر بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ پریتی زنٹا کا شدید ردعمل سامنے آگیا۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پریتی زنٹا نے دو واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ''اس ہفتے میرے ساتھ ہونیوالے دو واقعات نے مجھے ہلاکر رکھ دیا ہے''۔
پہلے واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے پریتی زنٹا نے لکھا کہ ''میری شیر خوار بیٹی جیا کے ساتھ ایک خاتون نے زبردستی تصاویر لینے کی کوشش کی اور جب میں نے اسے شائستگی سے منع کیا تو اس نے اچانک زبردستی میری بیٹی کے گال پر ایک گیلا بوسہ دیا اور یہ کہتے ہوئے وہاں سے بھاگ گئی کہ کتنی پیاری بچی ہے، یہ عورت ایک ایلیٹ بلڈنگ میں رہتی ہے اور جس وقت یہ واقعہ پیش آیا میرے بچے باغ میں کھیل رہے تھے''۔
پریتی زنٹا نے لکھا کہ ''اگر میں سلیبرٹی نہ ہوتی تو میں اس خاتون کو سخت رد عمل دیتی لیکن میں نے خود کو ٹھنڈا رکھا کیونکہ میں وہاں کوئی تماشا لگانا نہیں چاہتی تھی۔
پریتی زنٹا نے اپنی پوسٹ میں دوسرے واقعے سے متعلق بتایا کہ کس طرح وہیل چیئر پر بیٹھے ایک معذور گداگر نے انہیں پیسے نہ دینے کی وجہ سے ہراساں کیا اور انکی گاڑی کا پیچھا کرنے لگا۔
پریتی زنٹا نے لکھا کہ '' وہ اس گداگر کو کئی برسوں سے پیسے دے رہی ہیں لیکن اس دن جب اس نے پیسے مانگے تو میں نے کہا معاف کیجیے آج میرے پاس کیش نہیں صرف ایک کریڈٹ کارڈ ہے جس پر میرے ساتھ والی خاتون نے اسے اپنے پرس سے کچھ پیسے دیے جو اس نے واپس پھینک دیے کیونکہ وہ رقم اسے کم محسوس ہوئی تھی۔
پریتی زنٹا نے لکھا کہ ''پیسے نہ ملنے پر بھکاری غصے میں آگیا، وہ کچھ دیر تک ہمارا پیچھا کرتا رہا اور مزید جارحانہ ہو گیا، وہاں موجود فوٹوگرافرز کو یہ واقعہ مضحکہ خیز لگا اور وہ ہماری مدد کے بجائے ویڈیو بناتے اور ہنستے رہے''۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ''کسی نے اس گداگر کو یہ نہیں کہا کہ وہ گاڑی کا پیچھا نہ کرے لیکن اگر کوئی حادثہ ہوتا تو مجھے مورد الزام ٹھہرادیا جاتا اور میرے سلیبرٹی ہونے پر سوال اٹھایا جاتا۔ بالی ووڈ پر الزام لگایا جاتا اور بہت سی منفی باتیں کی جاتیں''۔
پریتی زنٹا نے لکھا کہ ''میرے خیال میں اب وقت آگیا ہے کہ لوگ یہ سمجھیں کہ میں پہلے انسان ہوں، پھر ماں ہوں اور پھر ایک مشہور شخصیت ہوں، میں آج جس مقام پر ہوں وہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے، مجھے اس ملک میں کسی بھی شہری کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیں کہ میں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزاروں، لہٰذا براہ کرم ہر چیز کیلئے سیلیبریٹیز کو مورد الزام ٹھہرانا بند کریں، ایک کہانی کے ہمیشہ 2 رخ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دونوں پریتی زنٹا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر انہیں ایک معذور گداگر کے ساتھ مبینہ نامناسب رویہ اپنانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے تصویر کا دوسرا رخ بھی لوگوں کے سامنے رکھ دیا ہے۔