مچھ میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن دو دہشتگرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک April 09, 2023
دہشت گردوں کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آئی ایس پی آر ( فوٹو: فائل )

آئی ایس پی آر کے مطابق مچھ میں کلیئرنس آپریشن کے دوران پاک فوج نے دو دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اپریل سے سبی کے مغربی علاقے مچھ میں سرگرم دہشت گردوں کے ایک گروپ کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔

دہشت گرد علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ کوئلے کی کانوں کے مالکان کو ہراساں کرکے ان سے پیسے بھی بٹور رہے تھے۔

مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر، پچھلے دو دنوں سے دہشت گردوں کی طرف سے آنے والے علاقے میں مختلف راستوں پر کئی جگہوں پر گھات لگائی گئی تھی۔

اس کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں نے 3 دہشت گردوں کی ایک پارٹی کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روک لیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو دہشت گردوں کو جہنم واصل اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں