آئین اور جمہوری اقدار تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی قرار داد منظور

قوم سے حقیقی تاریخ چھپائی گئی جو قوم کی امانت تھی، اسے درست کرکے واپس عوام کو پہنچایا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

—فائل فوٹو

نیشنل کانسٹی ٹیوشن کنونشن نے آئین، جمہوری اقدار و روایات تعلیمی نصاب اور درسی کتب میں شامل کرنے سے متعلق قرار داد منظور کرلی۔

قرار داد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیش کی تھی۔ مںظور کردہ قرارداد کے بعد 50 سال بعد آئین، جمہوری اقدار و روایات تعلیمی نصاب اور درسی کتب میں شامل کرکے سکولوں، کالجوں میں پڑھائی جائیں گی۔


اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم سے حقیقی تاریخ چھپائی گئی جو قوم کی امانت تھی، اسے درست کرکے واپس عوام کو پہنچایا جا رہا ہے، نوجوانوں کے ذہین اور زرخیز ذہنوں میں آئین کا بیج بو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2014 میں مطالعہ پارلیمنٹ پروگرام سے جو سفر شروع کیا تھا، اسے مکمل کیا جا رہا ہے، آئین، تین ریاستی اداروں میں اختیارات کی تقسیم اور جمہوری اقدار پرائمری ، سکینڈری سمیت تعلیم کے بنیادی اور اعلی درجوں کے نصاب کا حصہ ہوں گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے، یہ سب1973 کا دستور بننے کے 50 سال بعد ہو رہا ہے، اس تاریخی دن پر قوم خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں کو مبارک پیش کرتی ہوں، اس تاریخی سنگ میل کو عبور کرنے پر پارلیمان کو بھی مبارک پیش کرتی ہوں۔
Load Next Story