بدعنوانیوں پربرطرف ملازم کی دوبارہ اہم عہدے پرتعیناتی سے افسران میں تشویش کی لہر

کلیم اللہ گھنگرو کو پلاٹوں کی فروخت میں مبینہ جعلسازی پر 2014 میں برطرف کردیا گیا تھا


Staff Reporter April 10, 2023
 بدعنوانی کے الزامات پر برطرف کلیم اللہ گھنگرو کو ایس ایم بی بی ٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ تعینات کیا گیا ہے ( فوٹو: فائل )

سنگین بدعنوانیوں کے الزامات پر نوکری سے برطرف ملازم کو محکمہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹائون (SMBBT) میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ کے اہم عہدے سے نوازے جانے پر افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سینئر افسران نے نیب اور اینٹی کرپشن سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاﺅن(SMBBT) کے ذریعے سندھ کے 23 اضلاع میں بے گھر افراد کو120 گز رقبے کے50 ہزار مفت پلاٹس کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ جعلسازی کے الزامات پر محکمے کے 26عارضی ملازمین کو 6مئی2014ءکوایک آفس آرڈر نمبر PD/SMBBT/2014/285 کے ذریعے ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔

مذکورہ لسٹ میں تیسرے نمبر پر کلیم اللہ گھنگرو کا نام بھی موجود ہے۔ محکمے کے ذرائع کے مطابق مذکورہ کنٹریکٹ ملازم نے بے گھر افراد کیلیے شروع کی گئی پلاٹوں کی اسکیم کو بدعنوانیوں کی نذر کرتے ہوئے نوے نوے ہزار روپے میں پلاٹوں کی فروخت شروع کردی تھی جس پر اعلی حکام کے نوٹس اور ہدایت پر تمام ملوث افراد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا تھا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کرپشن کے الزام پر ملازمت سے برطرف کیے جانے والے کلیم اللہ گھنگرو ایک مرتبہ پھرایس ایم بی بی ٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ کے اہم عہدے پر اپنی تعیناتی کروانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کلیم اللہ گھنگرو کو10فروری 2022ءکو 6ماہ کیلیے کنٹریکٹ پر رکھا گیا تھا، اس کے بعد سے بغیر کسی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے کنٹریکٹ میں اضافہ کردیا گیا جس میں ایس ایم بی بی ٹی اور ایل ڈی اے کے محکمہ ایڈ منسٹریشن کے بعض کرپٹ افسران نے اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بدعنوانیوں پر ملازمت سے برطرف کیے گئے شخص کو دوبارہ اسی عہدے پر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر تعینات کرنا سروس رولز کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ کلیم اللہ گھنگرو کو ملازمت سے برطرف کیے جانے سے پہلے جس تنخواہ پر بھرتی کیا گیا تھا اس میں مزید 200 فیصد اضافہ کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ کے اہم عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔

موجودہ صورتحال پر ادارے کے سینئر افسران میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے وزیر بلدیات سمیت اینٹی کرپشن ودیگر تحقیقاتی اداروں سے فوری نوٹس لینے اور کلیم اللہ گھنگرو کی خلاف ضابطہ بھرتی اور بدعنوانیوں کے الزامات پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں کلیم اللہ گھنگرو سے موقف جاننے کیلیے کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہوسکا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں