ترکیہ تیز رفتار مسافر بس نے فوجی گاڑی کو کچل دیا ویڈیو وائرل

12 فوجی اہلکار سمیت 14 افراد زخمی ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے

ترکیہ میں فوجی گاڑی اور ٹرک مسافر بس سے ٹکرا گئے؛ فوٹو: فائل

ترکیہ میں ایک تیز رفتار مسافر بس سامنے سے آتی ہوئی فوجی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 12 فوجیوں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے مطابق ترکیہ کے شہر ایسکیشیر میں ڈرائیور سے بے قابو تیز رفتار مسافر بس سامنے سے آنے والی فوجی گاڑی اور ایک چھوٹے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

تصادم اتنا خوفناک تھا کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ ٹرک اور مسافر بس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں 12 فوجی اہلکار ہیں۔




خوش قسمتی سے اس ٹریفک حادثے میں اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے لگتا ہے کہ مسافر بس کے بریک فیل ہوگئے تھے یا بارش کی وجہ سے گیلی سڑک پر پھسلن حادثے کی وجہ بنی۔
Load Next Story