لاہور بھکاری مافیا کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

بھکاریوں سے جانچ پڑتال کے دوران تلخ کلامی پر ایک شخص نے اہلکاروں پر فائرنگ کی، پولیس حکام

زخمی پولیس اہلکار عمران کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، حکام ( فوٹو: ایکسپریس )

شہر میں ایک مافیا کی صورت میں سرگرم عمل بھکاری اتنے طاقتور ہوگئے ہیں کہ اب پولیس پر فائرنگ کرنے سے بھی نہیں کتراتے۔ شیرپاؤ پل کے قریب بھکاری مافیا کی پولیس پر فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شیرپاؤ پل کے قریب اسپیشل برانچ کے اہلکار بھکاریوں کی جانچ پڑتال کررہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے تلخ کلامی کے بعد پولیس اہکاروں پر فائرنگ کردی جس سے عمران نامی اہلکار زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ کے اہلکار عمران اور صابر علی بھکاریوں کی جانچ پڑتال کر رہے تھے کہ ان کے پاس نامعلوم شخص آیا اور پوچھا کہ وہ بھکاریوں سے کیوں پوچھ گوچھ کر رہے ہیں۔

اس دوران تلخ کلامی ہونے کے بعد نامعلوم شخص نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور اپنی گاڑی نمبر ADQ-178 چھوڑ کر فرار ہوگیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔
Load Next Story