ڈالر کے انٹربینک اور اوپن ریٹ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

انٹر بینک میں ڈالر مزید 1 روپے 35 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 2 روپے مہنگا ہوگیا

(فوٹو : فائل)

آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے اور غیریقینی سیاسی حالات کے باعث منگل کو بھی ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کا انٹربینک ریٹ 288 روپے سے تجاوز کرگیا جبکہ اوپن ریٹ 295 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا۔

درآمدات پر قدغن برقرار رہنے اور ترسیلات زر بڑھنے کے باوجود انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانئیے میں ڈالر کی پرواز جاری رہی اور بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ بھی برقرار رہا۔


کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ مزید 1.35 روپے کے اضافے سے 288.43 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئے، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر یکدم 2 روپے کے اضافے سے 295 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ داخلی سطح پر سیاسی دنگل ختم نہ ہونے سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں اور تجارتی و صنعتی شعبوں کا اعتماد متزلزل کرنے کا باعث بن گیا ہے جس روپیہ پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری غیریقینی کیفیت آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل مکمل ہونے اور سیاسی افق پر حالات بہتر ہونے کی صورت میں ختم ہوسکتی ہے۔
Load Next Story