’نیئو لگدا‘ گانے پر مخالفت کا سامنا کرنا پڑا سلمان خان کا انکشاف
’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ 2019 میں فلم ’دبنگ 3‘ کے بعد سلمان خان کا سینما کیلئے میگا پروجیکٹ ہے
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو اپنی نئی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' کا گانا 'نیئو لگدا' کرنے پر مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ممبئی میں منعقدہ ایک بڑے ایونٹ میں اپنی فلم کے آفیشل ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر سلمان خان نے انکشاف کیا کہ گانے 'نیئو لگدا' کو مخالفت کا سامنا تھا۔
سلمان خان نے بتایا کہ ہر کوئی کہہ رہا تھا کہ مجھے یہ گانا فلم کیلئے نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ اس سے پلاٹ خراب ہوگا اور یہ اسی اور نوے کی دہائی کا گانا ہے اور یہ فلم کیلئے اچھا نہیں رہے گا۔
اداکار نے بتایا کہ ہر کسی کی مخالفت کی وجہ سے وہ ضد میں آگئے اور انہوں نے کہہ دیا ''مجھے یہ پسند ہے، یہ میری فلم ہے اور میں اس کو استعمال کررہا ہوں''۔
'نیئو لگدا' گانا سلمان خان اور پوجا ہیگدے پر فلمایا گیا ہے اور اسے پلک مچل اور کمال خان نے گایا ہے جبکہ اسے ہمیش ریشمیا نے کمپوز کیا ہے۔
'کسی کا بھائی کسی کی جان' 2019 میں فلم 'دبنگ 3' کے بعد سلمان خان کی بڑی فلم ہے اور اداکار کو فلم کیلئے اپنی باڈی پر بہت زیادہ محنت کرنی پڑی ہے۔