ہفتے میں چند دن تیز قدمی سے زندگی طویل ہوسکتی ہے

برسک واکنگ کے مزید فوائد سامنے آئے ہیں جس میں روزانہ چند ہزار قدم چلنے سے قبل ازوقت موت کا خطرہ ٹل سکتا ہے


ویب ڈیسک April 13, 2023
تیزقدمی کی عادت قبل ازوقت موت کو ٹال سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

اگرچہ پیدل چلنے، تیز قدمی اور جاگنگ کے کئی فوائد سامنے آچکے ہیں اور اسے بہترین دوا قرار دیا جاتا ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ ہفتے میں چند روز بھی تیزقدمی اختیار کی جائے تو اس سے زندگی بڑھتی ہے اور قبل ازوقت موت کا خطرہ ٹل سکتا ہے۔

1964 میں ٹوکیو اولمپکس سے یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ 10000 قدم چلنا ایک جادوئی عدد ہے جس کے بدن و دماغ پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ لیکن یہ رقبہ 8 کلومیٹر بنتا ہے جو ہر ایک کے لیے ممکن نہیں۔ اس کے بعد جامعہ میساچیوسیٹس نے 2022 کے ایک مطالعے میں کہا کہ روزانہ 7000 تیز قدم چلنے سے بھی یہی فوائد مل سکتے ہیں۔ اس طرح روزانہ معمول کے تحت اتنے قدم چلنے والوں میں وقت سے قبل موت کا خطرہ 50 تا 70 فیصد کم ہوسکتا ہے۔

تاہم اب جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصروف افراد ہفتے میں چند دن بھی تیزقدموں سے چلیں تو اپنے وجود پر بامعنی مثبت اثرات محسوس کرسکتے ہیں۔ لیکن شرط یہ کہ تیز قدمی ہو نہ کہ چہل قدمی سے کام چلایا جائے۔

کیوٹو یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق تیزقدمی کا مطلب اتنی رفتار سے چلنا ہے کہ ایک گھنٹے میں تین سے ساڑھے چار میل کا فاصلہ طے ہوجائے۔ اس طرح چلنے سے بہت سارے طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

ماہرین نے جاپان اور کیلیفورنیا سے مختلف قومی سروے کا ڈیٹا لیا ہے۔ ان میں 2005 اور 2006 کے قومی صحت اور غذائیت کا سروے اور نیشنل ڈیتھ انڈیکس 2019 شامل ہیں۔ مطالعے میں شامل 3000 افراد کے کو اسراع پیما (اسلیرومیٹر) پہنایا گیا جس سے ان کی نقل و حرکت یا چلنے کا انداز نوٹ کیا گیا۔

اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ اگر روزانہ 22 منٹ کی تیزقدمی کی جائے تو اس سے بہت سے جسمانی فوائد ملتے ہیں۔ ذیابیطس کا خطرہ کم ہوتا ہے، بلڈ پریشر معمول پر رہتا ہے اور دل پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یوں مجموعی طور پر امراض میں گھرجانے کا خطرہ بھی ٹل جاتا ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی وجہ سے تیزقدمی کو نہ چھوڑا جائے کہ اس کی عادت جسم کے لیے ایک بہترین ٹانک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔