آئی پی ایل میں فکسنگ کی بازگشت سنائی دینے لگی

مشکوک میچز نے ماہرین کے کان کھڑے کر دیے


Sports Desk April 12, 2023
آئی پی ایل میں پٹیل اور کارتھک سے حیران کن طور پر آسان چانسز ضائع۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل میں فکسنگ کی بازگشت سنائی دینے لگی جب کہ مشکوک میچز نے ماہرین کے کان کھڑے کر دیے۔

بھارتی لیگ میں 2 روز کے دوران کھیلے جانے والے میچز کا نتیجہ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیندوں پر برآمد ہوا، ایسی ہی سنسنی خیزی ماہرین کو شکوک میں ڈالنے لگی۔

اتوار کی شب کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے رنکو سنگھ نے آخری 5 بالز پر چھکے جڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا،حیران کن طور پر ان میں سے کئی فل ٹاس تھیں، اب پیر کی شب لکھنئو سپر جائنٹس نے رائل چیلنجرز بنگلور کو آخری گیند پر 1 وکٹ سے مات دے دی، اس بار بھی دونوں ٹیموں میں سخت مقابلہ ہوا تاہم آخر میں بنگلور کی جانب سے 2 چانسز ضائع کیے گئے جس سے لکھنئو نے فتح حاصل کرلی۔

ہرشل پٹیل اور دنیش کارتھک اپنی ٹیم کی شکست کے براہ راست ذمہ دار ثابت ہوئے، جب تک نکولس پوران اور ایوش بدونی بیٹنگ کررہے تھے سب کچھ لکھنئو کے کنٹرول میں تھا، اسے آخری 19 بالز پر 24 رنز درکار اور 5 وکٹیں ہاتھ میں تھیں، محمد سراج نے پوران کو آئوٹ کیا جنھوں نے 19 بالز پر 62 رنز بنائے، بدونی ہٹ وکٹ ہوئے، آخری اوور میں ہرشل پٹیل کو گیند دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل نے کین ولیمسن کو ورلڈکپ سے باہر کروادیا

فتح کیلیے لکھنئو کو سنگلز کی ضرورت اور اوور کا آعاز ایسے ہی ہوا، جادیو اناڈکٹ نے مارک ووڈ کو اسٹرائیک دی مگر اگلی گیند پر ہرشل نے انھیں کلین بولڈ کردیا، نئے بیٹر روی بشنوئی نے اناڈکٹ کے ساتھ مل کر 2 رنز لیے، پھر اگلی بال پر سنگل سے اناڈکٹ کو اسٹرائیک دی، 2 بالز باقی اور اسکور ٹائی ہوگیا تھا، اگلی بال پر اناڈکٹ، فاف ڈوپلیسی کا کیچ بن گئے، اب ایک بال پر 1 ہی رن درکار تھا۔

ہرشل آخری گیند کرنے کیلیے آئے تو نان اسٹرائیکر بشنوئی کو کریز سے آگے پایا، انھوں نے رک کر بیلز اڑانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے، بشنوئی نے ڈائیو لگاکر کریز تک پہنچنے کی کوشش کی، ہرشل نے دوبارہ گیند کو تھرو کیا اور بیلز گرگئیں تب بھی بشنوئی کریز سے دور تھے تاہم انھیں رن آؤٹ قرار نہیں دیا گیا، جس پر بعد میں حیرت ظاہر ہوئی تاہم قوانین کے تحت پہلی کوشش میں اگر بیلز گرتیں تو ہی نان اسٹرائیکر رن آؤٹ ہوتے۔

دوبارہ ہرشل پٹیل نے گیند کی جو نئے بیٹر اویش خان کے بیٹ سے ہوتی ہوئی دنیش کارتھک کی جانب گئی مگر وہ حیران کن طور پر اسے تھام نہیں سکے اور بشنوئی نے تیز رفتاری سے فاصلہ عبور کرتے ہوئے وننگ سنگل مکمل کرلیا، اس موقع پر جب کیمرے نے جب ویراٹ کوہلی اور ڈوپلیسی کو فوکس کیا تو دونوں شکست پر حیران کھڑے ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں