روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر گھٹ گئی

انٹربینک میں ڈالر 1 روپے 81 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں ایک روپے سستا ہوگیا

فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تحریری ضمانت ملنے کی صورت میں آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاہدہ ہونے کی امید اور پاکستانی معیشت میں آئندہ سال سال بہتری سے متعلق آئی ایم ایف کی پیشگوئی جیسے عوامل کے باعث بدھ کو ڈالر ایک بار پھر ریورس گئیر میں آگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو کاروبار کے تمام دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 2.18 روپے کی کمی سے 286.25 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ قدرے بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.81 روپے کی کمی سے 286.62 روپے کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر ایک روپے کی کمی سے 294 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ ذرمبادلہ کی مارکیٹیں صرف آئی ایم ایف ڈیل اور معیشت میں بہتری کی منتظر ہیں اور ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ صرف مثبت یا منفی خبروں کے تابع ہیں۔ ملک میں داخلی سیاسی حالات خراب ہونے سے مقامی تجارت وصنعتی شعبے میں بے چینی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ مستقبل کے کاروباری سودوں یا معاہدے کرنے سے گریز کررہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی تجارت وصنعتی شعبے اپنے مستقبل سے متعلق اضطراب کا شکار ہیں، سیاسی دنگل ختم نہ ہونے سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہیں، تجارت و صنعت کا ہر شعبے کا اعتماد متزلزل ہے جو روپیہ پر دباؤ بڑھانے کا باعث بن گیا ہے۔
Load Next Story