حکومت کا الیکٹرک موٹرسائیکل اوررکشہ کیلیے قرض فراہم کرنے کا فیصلہ
ای سی سی کے اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلیے 26کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکٹرک بائیک اور الیکٹرک رکشہ کے لیے وزارت صنعت و پیداوار کو فنانسگ فیسلٹی فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون ا سکیم کے تحت ای بائیکس اور رکشہ کیلیے قرض دیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق قرضہ صفر شرح سود پر تین سال کیلیے دیا جائے گا، ٹیئر ون کیٹگری کیلئے 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ اس کے لیےوزارت صنعت و پیداوار کو فنانسگ فسیلٹی فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو رواں مالی سال کیلیے 26کروڑ دس لاکھ روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں افغانستان اور افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک زمینی راستے سے تجارت کیلیے انگور اڈہ کو مجاز لینڈ روٹ اسٹیشن قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت قومی صحت کیلیے 14 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔
اجلاس میں ای سی سی کو این اے پی ایچ ڈی اے کی کارکردگی کے بارے میں بھی بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس میں نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کیلیے سارک ڈیولپمنٹ فنڈ کی جانب سے اعلان کردہ ایک ملین ڈالر کے عوض روپے میں منظور کردہ بجٹ کے مطابق ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی فراہمی بھی منظور کی گئی۔