ڈالر کی قدر میں مسلسل دوسرے روز کمی روپیہ تگڑا ہونے لگا

انٹر بینک ریٹ میں 1 روپے 72 پیسے اور اوپن ریٹ میں 2 روپے کی کمی آگئی


Ehtisham Mufti April 13, 2023
(فوٹو : فائل)

ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بتدریج تگڑا ہونے لگا، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر ریورس گئیر میں رہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کو کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 2.29 روپے کی کمی سے 284.33 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم دورانیے کے وسط میں ڈیمانڈ کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.72 روپے کی کمی سے 284.90 روپے کی سطح پر بند ہوئے، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 2 روپے کی کمی سے 292 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے قبل ازیں معاہدے کے لیے دوست ممالک سے 6 تا 7 ارب ڈالر کی مالیاتی ضمانت کی شرط عائد کی تھی جس میں اب نرمی کردی گئی ہے اور اب 3 ارب ڈالر کی تحریری مالیاتی ضمانت پر بھی قرض پروگرام کی بحالی کا عندیہ دیا گیا ہے جس سے قرض پروگرام بحال ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا کہ درآمدات کے لیے بھی ڈالر کی طلب انتہائی محدود ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کے سخت اقدامات کے بعد ایکسپورٹرز بھی اپنی زرمبادلہ میں برآمدی ترسیلات بھنانے لگ گئے ہیں جو مارکیٹ میں رسد میں اضافے کا باعث بن گیا ہے جبکہ سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران ترسیلات زر کی آمد بڑھنے سے سپلائی میں بہتری کے باعث بھی ڈالر کی قدر میں کمی آئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں