بہت جلد اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط ہونگے آئی ایم ایف کی وزیرخزانہ کو یقین دہانی

اسحاق ڈار کی عالمی مالیاتی ادارہ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو بذریعہ زوم میٹنگ حکومتی معاشی اقدامات پر بریفنگ


ویب ڈیسک April 13, 2023
فوٹو: فائل

آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بہت جلد اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کی یقین دہانی کرادی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آج (جمعرات) کو اسلام آباد سے بذریعہ زوم ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی اسپرنگ میٹگ میں شرکت کی، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کے معاونین خصو صی طارق باجوہ اور طارق محمود پاشا نے بھی اسلام آباد سے ورچوئل طور پر شرکت کی۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور خزانہ و اقتصادی امورڈویژن کے سیکریٹریز واشنگٹن ڈی سی میں ذاتی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے، اس وقع پر وزیر خزانہ اور آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے حکومت پاکستان کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے لیے پیشگی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انہیں ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انٹونیٹی مونیسو کو مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کیا گیا ہے، توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔

آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انٹونیٹی مونیسو نے حکومت کی پالیسیوں کو سراہا اور آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ پیشگی اقدامات کے نفاذ کے سلسلے میں مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی حمایت کی، انہوں نے مل کر کام جاری رکھنے کے لیے اپنی حمایت اور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ بہت جلد اسٹاف لیول معاہدے پر پر دستخط ہو جائیں گے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 9 ویں جائزے کو مکمل کرنے میں تعاون پر محترمہ اینٹونیٹ مونیسو سیح کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں