برطانیہ خالصتان کے حامیوں کے خلاف کارروائی کرے مودی کی دہائی

سکھ علیحدگی پسند کارکنان نے انڈین ہائی کمیشن سے بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا تھا


ویب ڈیسک April 14, 2023
انڈین ہائی کمیشن پر بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرادیا گیا تھا؛ فوٹو: فائل

علیحدگی پسند سکھوں کی عالمگیر تحریک سے پریشان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے برطانوی ہم منصب رشی سوناک کو ٹیلی فون کیا اور خالصتان کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی جبر سے آزادی، اپنے حقوق کی جنگ اور نئے آزاد وطن کے لیے جدوجہد کرنے والے خالصتان کے رہنماؤں اور کارکنان نے برطانیہ، کینیڈا اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں مظاہرے کرکے نام نہاد سیکولر اسٹیٹ کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

لندن میں مظاہرین نے انڈین ہائی کمیشن کی عمارت سے بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرادیا تھا۔ عالمی سطح پر ہونے والی سبکی سے مودی سرکار سٹپٹا کر رہ گئی۔

یہ خبر پڑھیں : سکھوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کا پرچم لہرا دیا

گھبراہٹ کے شکار نریندر مودی نے اپنے برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے فون پر رابطہ کیا اور منتیں کیں کہ گزشتہ ماہ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن سے بھارتی جھنڈا اتار کر خالصتان کا پرچم لہرانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

برطانوی وزیراعظم رشی سوناک بھارتی نژاد برطانوی ہیں اور مودی نے سمجھا کہ شاید وہ اس تعلق کی بنا پر خالصتان کے حامیوں کے خلاف کارروائی کرکے ان کی مدد کریں گے۔

تاہم برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے جواب دیا کہ اگر کسی نے برطانوی قوانین اور سماجی روایات کی خلاف ورزی کی ہے یا کسی کو نقصان پہنچایا ہے تو قانون ضرور حرکت میں آئے گا۔

واضح رہے کہ انڈین ہائی کمیشن کی عمارت سے بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرانے کی ذمہ داری سکھوں کی تنظیم دل خالصہ نے قبول کی تھی جس کے حامیوں کی بڑی تعداد برطانیہ میں رہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں