قومی اسمبلی میں دیامیر بھاشا ڈیم فنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی قرارداد پیش
یہ وسائل 2022 کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی مدداور بحالی کے لئے بروئے کار لائے جائیں، قرار داد
قومی اسمبلی میں ڈیم فنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی قرارداد پیش کردی گئی۔
قرارداد رکن اسمبلی کھیل داد نے پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈیم فنڈ میں جمع ہونے والی یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے اور یہ وسائل 2022 کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی مدداور بحالی کے لئے بروئے کار لائے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عدالتی روایات سے ماورااور خلاف قانون وضابطہ نئے ڈیمز اور آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے فنڈز جمع کرنے کاآغاز کیا تھا اور مورخہ 10 جولائی 2018 کو" سپریم کورٹ آف پاکستان کا دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ" قائم ہوا تھا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ اخبار کی خبر کے مطابق جنوری 2023 میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کو آگاہ کیاگیا تھا کہ ڈیم فنڈ میں 16.53 ارب روپے موجود ہیں جو اگلی سہہ ماہی میں بڑھ کر 16.98 ارب روپے ہوجائیں گے۔