جوڑی نمبر ون واپسی پر ناکام بابر اعظم سنچری میچ کو یادگار نہ بناسکے

بابر سنچری میچ کو یادگار نہ بناسکے، رضوان کی بھی جلد رخصتی، فخر زمان اور صائم ایوب نے 47،47 رنز کی اننگز کھیلیں


Sports Reporter April 15, 2023
رمضان کی مصروفیات کے سبب شائقین کی تاخیر سے اسٹیڈیم آمد،اسٹینڈز بتدریج بھر گئے۔ فوٹو: ٹوئٹر پی سی بی

پاکستانی جوڑی نمبر ون ٹیم میں واپسی پر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہی جب کہ بابر اعظم سنچری میچ کو یادگار نہ بناسکے۔

نیوزی لینڈ سے قذافی اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم 100 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کرنے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے، ان سے قبل شعیب ملک 123 اور محمد حفیظ 119 میچز کھیل چکے ہیں۔

شعیب ملک نے اس دوران 2423 اور محمد حفیظ نے 2514 رنز بنائے، بابر اعظم 100 واں میچ شروع ہونے سے قبل ہی 3300سے زائد رنز اسکور کر چکے تھے، وہ سنچری میچ کو یادگار نہ بناسکے اور صرف 9 رنز پر رخصت ہو گئے۔

میچ شروع ہونے سے قبل پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بابر اعظم کو خصوصی جرسی بھی دی،وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے شاداب خان کو بولنگ کوچ عمرگل نے شرٹ پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی

پلیئنگ الیون میں سینئرز کی واپسی ہوگئی، بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان، فخرزمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی حارث رؤف اور زمان خان کو شامل کیا گیا۔

افغانستان کیخلاف سیریز میں نوجوان اوپنرز پرفارم نہیں کرسکے تھے، ٹاپ آرڈر میں پوزیشن سنبھالنے والے بابر اعظم ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوئے تو محمد رضوان بھی 9 تک محدود رہے۔

رمضان المبارک کی وجہ شائقین کی آمد کا سلسلہ خاصی دیر سے شروع ہوا،ایک مرحلے پر تو ایسا لگ رہا تھا کہ شاید بیشتر اسٹینڈز خالی ہی رہ جائیں گے مگر آہستہ آہستہ تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا، میچ شروع ہونے سے قبل اچانک رش بڑھنے سے چیک کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر بھی دباؤ بڑھ گیا،فیملیز کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

ٹکٹیں چیک کرنے والے عملے کو افطاری ڈیوٹی پوائنٹس پر ہی پہنچائی گئی، کھانے پینے کے بعد انھوں نے تماشائیوں کا انتظار شروع کر دیا، آس پاس موجود افراد کو بھی افطاری میں شریک کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

میچ کی ابتدا میں اسٹینڈز میں کم تعداد میں موجود تماشائیوں نے بھی خوب شور مچایا، بابر اعظم اور محمد رضوان کے آؤٹ ہونے پر میدان میں خاموشی چھاگئی،بعد ازاں بیٹرز نے تھوڑا سنبھلنے کے بعد اسٹروکس کھیلنا شروع کیے تو چہروں پر رونق لوٹ آئی۔

فخرزمان اور صائم ایوب نے عمدہ بیٹنگ سے خوب داد سمیٹی، پاکستان کی سنچری مکمل ہونے پر بھی خوب شور مچایا گیا،صائم ایوب (47)کے ففٹی مکمل نہ کرنے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا،شاداب خان(5) اور افتخار احمد(0) اور فخرزمان(47)رخصت ہوئے تو شائقین کا جوش کم پڑ گیا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کیخلاف بابراور رضوان کی اوپننگ جوڑی برقرار رہے گی

میٹ ہنری ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دینے والے چوتھے کیوی بولر بنے،انھوں نے اپنے تیسرے اوور کی اختتامی 2 گیندوں پرشاداب خان اور افتخار احمد جبکہ بعد میں آخری اوور کی پہلی گیندپر شاہین شاہ آفریدی کو نشانہ بنایا۔

میچ کے دوران سیکیورٹی کا سخت ترین پہرہ دیکھنے میں آیا،مختلف پوزیشنز پر موجود اہلکار افطاری کے بعد زیادہ مستعد اور سرگرم ہوگئے، شائقین کو کم از کم 3 مقامات پر چیکنگ سے گزرنے کے بعد اسٹیڈیم داخلے کی اجازت دی گئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قذافی اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم رکھتے ہوئے آمدورفت پر نظر رکھی، اطراف کی سڑکوں پر سرچ آپریشن بھی جاری رہا، ٹیموں کی آمدورفت کے دوران روٹ کی کڑی نگرانی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں