ممنوعہ فنڈنگ کیس اسد عمر کو دوبارہ حکمنامہ طلبی جاری

ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں رہنما پی ٹی آئی کو 27 اپریل کو طلب کرلیا


ویب ڈیسک April 17, 2023
—فائل فوٹو

ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کو دوبارہ حکمنامہ طلبی جاری کرتے ہوئے 27 اپریل کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فنانس مینیجر پی ٹی آئی نوید اسلم نے حکمنامہ پی ٹی آئی لاہور آفس میں وصول کیا۔ حکمنامہ طلبی 14 اپریل کو پیش نہ ہونے پر جاری کیا گیا، 14 اپریل کو اسد عمر نے حاضر ہونے کی بجائے تحریری جواب بھجوا دیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق اسد عمر کا جواب غیر تسلی بخش تھا انہوں نے اپنی تحریر میں ایف آئی اے کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا تھا، رہنما پی ٹی آئی اسد عمر مہم کے مینیجر تھے اور ان غیر ملکی ممنوعہ رقوم کے استعمال میں کلیدی کردار ادا کرنے میں شامل تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق انصاف ٹرسٹ کے اکاؤنٹ سے پی ٹی آئی کی 2013 الیکشن کمپین پر کروڑوں کے اخراجات کیے گئے، جس کا جواب اسد عمر اپنی تحریر میں دینے میں ناکام رہے، یہ رقوم بیرون ملک سے انصاف ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں آئی تھیں اسد عمر کو کس نے 2013 کا کمپین مینیجر تعینات کیا؟

ایف آئی اے کے مطابق اسد عمر جواب دینے سے گریزاں ہیں، یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی نے ان غیر ملکی فنڈز کو حاصل کرنے کے ذرائع کو مخفی رکھا اور کسی بھی فورم پر ڈکلیئر نہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسرا حکمنامہ طلبی سرفراز خان ورک ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کی ہدایات پر حسن سجاد نقوی، سربراہ جے آئی ٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کے دستخط سے جاری کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے لاہور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی آر نمبر 52/2022 مورخہ 05 اکتوبر 2022 کو درج کر چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔