سر پلیز انہیں آپریشن کرنے سے روکیں عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ سے استدعا
یہ عید کے دنوں میں ایک بار پھر آپریشن کا منصوبہ بنا رہے ہیں، عمران خان کا لاہور ہائیکورٹ میں جج کو بیان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں میں ہونے والے ممکنہ آپریشن سے حکومت کو روک دیں۔
عمران خان کی جانب سے 121 مقدمات ختم کرنے کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، جس میں پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست پر اعتراض بھی اٹھایا۔
جسٹس طارق کلیم شیخ نے پنجاب حکومت کے وکیل سے پوچھا کہ کیا آپ یقین دہانی کراسکتے ہیں کہ پرانے معاملے پر نئی ایف آئی آر درج کر کے کارروائی نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یکساں نوعیت کے مقدمات، عمران خان کی درخواست پرلارجربینچ بنانےکی سفارش
عمران خان نے روسٹروم پر آکر کہا کہ 'سر پلیز انہیں آپریشن کرنے سے روکیں، عید کی چھٹیوں میں پھر سے آپریشن کرنے کا منصوبہ ہے، یہ مجھے صرف جیل میں ڈالنا نہیں چاہتے بلکہ ختم کرنا چاہتے ہیں، آخری بار آپ نے آپریشن روکا مگر اگلے ہی دن حملہ ہوگیا اور انہوں نے توہین عدالت کی'۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں اس سسٹم پر اعتماد ہی نہیں رہا، یہ الیکشن ہارنے سے ڈرے ہوئے ہیں'۔
مزید پڑھیں: باجوہ نے ہماری حکومت کے امریکا اور سعودیہ سے تعلقاب خراب ہونے کی مہم چلائی، عمران خان
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔