جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق شخص کی شناخت ہوگئی

2اہلکاروں کو معطل کردیا گیا،ایس ایس پی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم


Staff Reporter April 20, 2014
ناصر کی یادگار تصویر۔ فوٹو: فائل

جمعرات کو اورنگی ٹائون میں جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونیوالے2 افراد میں سے ایک شخص کی شناخت کر لی گئی، ڈی آئی جی ضلع غربی نے جعلی پولیس مقابلہ ثابت ہونے پر2 پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے ایس ایس پی ضلع غربی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پیر آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن منگھو پیر روڈ مغل کانٹے کے قریب پولیس مقابلے میں2 مبینہ ڈاکوئوں کو ہلاک کرکے5 ہزار روپے نقد، 2 ٹی ٹی پستول، 4 موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کرنے کے بعد پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کر لیا تھا، بعد ازاں پولیس مقابلہ جعلی ثابت ہونے پر ڈی آئی جی ضلع غربی جاوید عالم اوڈھو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پیر آباد تھانے کے2 پولیس اہلکاروں ندیم اور اعجاز کو معطل کردیا اور ایس ایس پی ضلع عربی کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی، اس سلسلے میں ڈی آئی جی غربی جاوید اوڈھو نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ واقعے سے متعلق ایس ایس پی عرفان بلوچ نے تحقیقات شروع کردی ہے اور انھیں جلد از جلد رپورٹ مکمل کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کا ایک مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے، پولیس ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت اور ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کے حوالے سے باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے جبکہ پولیس مقابلے کے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں، ادھر جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت30 سالہ ناصر الدین ولد نذرالدین کے نام سے گزشتہ روز کرلی گئی، جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا ناصر الدین اعوان کالونی کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق کوہاٹ سے تھا، ہلاک ہونے والے شخص کے قریبی رشتہ دار سمیع اﷲ نے بتایا کہ مقتول2 بچوں کا باپ اور ماربل فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا، انھوں نے بتایا کہ مقتول ماربل فیکٹری جا رہا تھا کہ اسے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے پکڑ لیا تھا، انھوں نے بتایا کہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کے بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |